جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں دھاندلی ثابت ہوجائیگی،رواں سال الیکشن ہوں گے،نبیل گبول، جوڈیشل کمیشن بننے کی اصل وجہ تحریک انصاف نہیں بلکہ کوئی اور تھا، اس کے تانے بانے واشنگٹن سے ملتے ہیں ،عمران اور زرداری کی سوچ میرے مطابق ہے،کسی ایک پارٹی میں شمولیت اختیار کر لوں گا، سابق ایم این اے کی گفتگو

جمعہ 17 اپریل 2015 04:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اپریل۔2015ء)سابق ایم این اے نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیشل کمیشن تحقیقات میں دھاندلی ثابت کردے گا اور دسمبر میں ملک میں مڈٹرم الیکشن کرائے جائیں گے،امپائر کی انگلی اٹھ گئی ہے اس لئے جوڈیشل کمیشن بنا ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے انکشاف کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بننے کی اصل وجہ تحریک انصاف نہیں بلکہ کوئی اور تھا، اس کے تانے بانے واشنگٹن سے ملتے ہیں۔

نبیل گبول نے کہا کہ دھرنے کے دوران عمران نے جس امپائر کا ذکر کیا تھا وہ امپائر”واشنگٹن “ ہے اور واشنگٹن نے انگلی کھڑی کر دی ہے اس لئے جویشل کمیشن بنا یا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پوری کوشش کی ہے کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنے لیکن امپائر کا دباؤ بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے حکومت کو اعلان کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن تحقیقات کے دوران عام انتخابات میں دھاندلی ثابت کردے گا اور رواں سال مڈٹرم الیکشن کیلئے اعلان کر دیا جائیگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ کے 70 فیصد لوگ الطاف حسین سے وفادار نہیں، متحدہ میں ویسپا پر آنے والے لینڈکروزر پر جاتے ہیں بابرغوری ایم کیو ایم میں گندہ انڈا ہے۔انہوں نے بتایا کہ استعفیٰ دینے کے بعد الطاف حسین سے رابطہ ہوا جس میں متحدہ قائد اور میں نے ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا۔ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی سے میری سوچ ملتی جلتی ہیں ،ان دونوں پارٹیوں میں شمولیت کیلئے دونوں طرف کے پارٹی رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے جلد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا جائیگا