وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی افغان صدر سے ملاقات، خیبرپختونخوا میں سیکورٹی کی صورتحال کے تناظر میں باہمی تعلقات پر تفصیلی گفتگو،دونوں ممالک میں امن کی بحالی کے اقدامات سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور

جمعرات 16 اپریل 2015 04:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اپنے دورہ افغانستان کے دوران بدھ کے روز افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی سے ملاقات کی کابل کے صدارتی محل میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں سیکورٹی کی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی اور دونوں ممالک میں امن کی بحالی کے اقدامات سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے ہمراہ گیا ہوا خیبرپختونخوا حکومت کا 20 رکنی وفد بھی موجود تھا جن میں صوبائی وزیر معدنیات ضیاء الله آفریدی، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و سیاحت امجد آفریدی، معاون خصوصی برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ، معاون خصوصی برائے صنعت عبدالمنعم خان، سینٹر محسن عزیز، صوبائی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجد علی خان، کے پی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر فواد اسحاق، بعض صوبائی سیکرٹری اور میڈیا کے نمائندے بھی شامل تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ملاقات کے دوران افغان صدر محمد اشرف غنی کو طویل افغان جنگ کے باعث سرحدی صوبہ خیبرپختونخوا پر پڑنے والے منفی اثرات کا تفصیلی ذکر کیا اور ان اثرات سے نکلنے کیلئے دونوں ملکوں کے باہمی سفارتی ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا انہوں نے افغان صدر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی اصلاحات کے دائرے میں لاکر ان تعلقات کو باقاعدہ اور مضبوط بنانا چاہتی ہے اس سے قبل وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے وفد کے ہمراہ کابل میں سابق افغان صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا دریں اثناء وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کے وفدنے افغان پارلیمنٹ (اولسی جرگہ) کے سپیکر، افغانستان کے وزیر خارجہ ، وزیر مہاجرین و بحالی اور افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان سے وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے کی سطح پر افغان حکومت کے ساتھ خارجہ اُمور، افغان مہاجرین و سیکورٹی کے اُمور، تجارتی تعلقات اور پارلیمانی روابط کے حوالے سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :