وفاقی وزیر خزانہ کی پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں بلومبرگ انویسٹر گروپ لندن اسٹاک ایکسچینج کے حکام اور کاروباری ترقی کے سربراہ سے ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ، جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا،اسحاق ڈار، پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 اپریل 2015 04:53

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں بلومبرگ انویسٹر گروپ لندن اسٹاک ایکسچینج کے حکام اور کاروباری ترقی کے سربراہ تکھیل راٹھی سے ملا قاتیں،جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیرخزانہ نے حکام کو پاکستانی معیشت کے بارے میں آگاہ کیا جو کہ پچھلے کچھ عرصہ میں بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے انویسٹرز کمپنی کے حکام کو پاکستان کی معیشت کے بارے میں موڈیز آئی ایم ایف اور دیگر اداروں کی رپورٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے لندن میں پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں سے خطاب بھی کیا اور ریکارڈ تعداد میں ترسیلاب زر بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیرخزانہ بدھ کی رات واشنگٹن کے لئے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ آئی ایم ایف،ورلڈ بینک اوردیگر اعلیٰ امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبے پر جودیشل کمیشن بن چکا ہے۔ پاکستان میں نان ایشوز کوایشو بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باوجود پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ‘ پاکستان کی ریٹنگ مستحکم ہوئی ہے اور ادارے بھی مستحکم ہورہے ہیں۔