نواز شریف کا گلگت میں ترقیاتی پیکج کا اعلان انتخابات کے قبل دھاندلی کے مترادف ہے،عمران خان ،گلگت بلتستان میں کھلی دھاندلی ناقابل قبول ہے، ن لیگ کو پتہ ہونا چاہیے شفاف الیکشن جمہوریت کیلئے لازمی ہیں،بیان ،تحریک انصاف نے وزیراعظم کے دورہ گلگت بلتستان کو پری پول دھاندلی قرار د یا، الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،چیف الیکشن کمشنر کو وزیراعظم کی تقریر کی سی ڈی اور شواہد بھی بھجوا دئیے گئے

بدھ 15 اپریل 2015 04:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا گلگت میں ترقیاتی پیکج کا اعلان انتخابات کے قبل دھاندلی کے مترادف ہے۔ گلگت بلتستان مین گورنر کی تقرری بھی دھاندلی کا حصہ ہے جاری ایک ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی وفادار نگران کابینہ بھی پری پول ریٹنگ ہے دھاندلی کیلئے گلگت بلتستان میں ن لیگیوں کا تقرر کیا گیا۔

نواز شریف کا پیکج کا اعلان نوٹنکی کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ گلگت بلتستان میں کھلی دھاندلی ناقابل قبول ہے۔ ن لیگ کو پتہ ہونا چاہیے کہ شفاف الیکشن جمہوریت کیلئے لازمی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم کے دورہ گلگت بلتستان کو پری پول دھاندلی قرار دیتے ہوئے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا،چیف الیکشن کمشنر کو وزیراعظم کی تقریر کی سی ڈی اور شواہد بھی بھجوا دئیے گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے2ماہ قبل وزیراعظم کو دورہ یاد آگیا،وزیراعظم کا دورہ اور47 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان پری پول دھاندلی ہے۔نوازشریف ملک کے وزیراعظم کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کے صدر بھی ہیں وزیراعظم کے دورے کا نوٹس لیا جائے اور تحقیقات کی جائیں،مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم کو انتخابات کے وقت گلگت کی عوام یاد آگئی،وزیراعظم کو ہنگامی بنیادوں پر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے،مراسلے میں وزیراعظم کی تقریر کی سرکاری ٹی وی کی سی ڈی،تصاویر اور دیگر شواہد بھی منسلک کئے گئے ہیں