جوڈیشل کمیشن میں جیت کیلئے نواز حکومت نے قومی خزانے کے منہ کھول دئیے ،بڑے وکیل کو 5کروڑ روپے سے زائد فیس کی مد میں دئیے جائیں گے، اعلیٰ ممتاز قانون دانوں کی خدمات حاصل کرنے کا ٹاسک وزارت قانون وانصاف،اٹارنی جنرل اور مشیر قانون کو سونپ دیا گیا

پیر 13 اپریل 2015 08:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 اپریل۔2015ء)نواز حکومت نے جوڈیشل کمیشن میں ملک کے ممتاز قانون دانوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے قومی خزانے کے منہ کھول دئیے ہیں،بڑے وکیل کو 5کروڑ روپے سے زائد فیس کی مد میں دئیے جائیں گے۔نوازشریف نے اعلیٰ ممتاز قانون دانوں کی خدمات حاصل کرنے کا ٹاسک وزارت قانون وانصاف،اٹارنی جنرل اور مشیر قانون ظفراللہ خان کو سونپا ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ جوڈیشل کمیشن میں حکومت کا کیس جیتنے کیلئے ممتاز وکلاء جن میں اکرم شیخ،سلمان راجہ،افتخار گیلانی،ایس ایم ظفر،جسٹس(ر) طارق،سید ظفر علی شاہ میں سے بڑی قانونی ٹیم تشکیل دی جائے اور اس کیلئے وکلاء کو منہ مانگی فیس قومی خزانہ سے دی جائے۔وزارت قانون کے ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ قانون کے مطابق حکومت کسی بھی وکیل کو ایک لاکھ روپے سے زائد فیس ادا نہیں کرسکتی لیکن بڑے وکیل کروڑوں میں فیس وصول کرتے ہیں۔تحریک انصاف نے سابق وزیرقانون حفیظ پیرزادہ کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔