عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں ڈاکٹر بابر اعوان اپنے وکالت نامے کیخلاف دائر اعتراضات پر جواب داخل نہ کراسکے

اتوار 12 اپریل 2015 04:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں ڈاکٹر بابر اعوان اپنے وکالت نامے کیخلاف دائر اعتراضات پر جواب داخل نہ کراسکے ، گزشتہ روز کیس کی سماعت سیشن جج محمد تنویر میر کی عدالت میں ہوئی سابق چیف جسٹس کی جانب سے ایڈووکیٹ شیخ احسن الدین اور ایڈووکیٹ توصیف آصف جبکہ عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہ خاور بخاری عدالت میں پیش ہوئے شاہ خاور بخاری نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ہم نے جو درخواست دائر کی تھی جس میں واضح کیا گیا تھا کہ فاضل عدالت کو وکیل کو مقدمے کی پیروی سے روکنے کے اختیارات حاصل نہیں ہیں پر مخالف فریقین کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا اس پر شیخ احسن الدین نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معزز عدالت نے جواب دہندگان کے وکلاء کی درخواست کو مسترد کرکے ڈاکٹر بابر اعوان کو دوبارہ تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی مگر عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر بابر اعوان نے جواب داخل نہیں کرایا انہوں نے مزید کہا کہ دائر درخواست پر اگر عدالت نے ہم سے جواب مانگا تو ضرور دینگے جس پر فاضل جج نے افتخار محمد چوہدری کے وکلاء کو جواب دینے یا نہ دینے کے حوالے سے فیصلہ کل تک کے لئے محفوظ کرتے ہوئے سماعت آج تک کے لئے ملتوی کردی بعد ازاں عدالت کے باہر خبر رساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ایڈووکیٹ شیخ احسن الدین نے کہا کہ ڈاکٹر بابر اعوان عدالت کا مذاق اڑا رہے ہیں عدالتی حکم کے باوجود جواب داخل کیا نہ ہی عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس مقدمے کی پیروی کے لئے کوئی سنجیدہ وکیل نہیں ۔

متعلقہ عنوان :