حبیب بینک کی فروخت 1.6 بلین ڈالر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اقتصادی ڈیل ہے،محمد زبیر،ڈیل سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی، نجکاری سے پاکستان پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن

اتوار 12 اپریل 2015 04:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء) چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن محمد زبیر نے کہا ہے کہ حبیب بینک کی فروخت 1.6 بلین ڈالر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اقتصادی ڈیل ہے۔ جس سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ حبیب بینک کی نجکاری سے پاکستان پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے 1.6 بلین ڈالر سے ملک کے جی ڈی پی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے کرنسی مستحکم ہوگی اور مہنگائی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حبیب بینک شیئر کے 42 فیصد شیئرز کو مارکیٹ میں فروخت کیا گیا ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی مارکیٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد دنیا کی بہترین انوسٹمنٹ کمپنیوں نے خریداری میں خواہش کا اظہار کیا سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی کو 1.6 بلین دالر میں فروخت کیا گیا ہے جو کہ پاکستان کی بین الاقوامی مارکیٹ کی سب سے بڑی ڈیل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے اس سے قبل پاکستان میں انرجی بحران اور دہشت گردی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں ہے لیکن گزشتہ دو سالوں میں حکومت نے توانائی بحران دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو کوششیں کی ہیں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے سراہا ہے اور 1.6 بلین ڈالر کی ڈیل اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیاں مثبت ہیں۔

موڈیز اور آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت پر مثبت اظہار بھی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی لے رہے ہیں چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن نے کہا کہ اس خطیر رقم سے پاکستان کی جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا۔ جس سے ملک کی کرنسی مستحکم ہوگی جس سے مہنگائی کم ہوگی اور اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا حبیب بینک کی نجکاری بورڈ آف گورنرز نے بھی منظور کرلیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ مئی 2013 ء سے لے کر جنوری 2015 ء تک حبیب بینک کے شیئر مارکیٹ میں انڈر پریشر رہے لیکن نجکاری سے شیئرز کی ویلیو میں اضافہ ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کی توانائی پالیسیوں اور انرجی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششوں نے بھی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا ہے۔