یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کا مشن مکمل ،دفترخارجہ کی تصدیق ، 150 پاکستانی تاحال یمن میں موجود ہیں جو واپس نہیں آ نا چاہتے ، ،ترجمان دفتر خارجہ، 10 دنوں کے دوران اب تک 1019 پھنسے پاکستانیوں کو نکالا جا چکا ہے ،تسنیم اسلم

ہفتہ 11 اپریل 2015 05:03

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اپریل۔2015ء ) دفترخارجہ نے یمن سے تمام پاکستانیوں کے انخلاء کی تصدیق کردی ہے، محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کا مشن 10 روز میں مکمل ہوا۔ ۔۔ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے اپنے ایک بیا ن میں کہا ہے کہ یمن کے متعدد ہوائی اڈے اس وقت ناقابل استعمال ہو چکے ہیں۔ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ناقابل استعما ل ائر پورٹس کی وجہ سے پاک بحریہ کے جہازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو نکالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یمن سے 10 دنوں کے دوران اب تک 1019 پھنسے پاکستانیوں کو نکالا جا چکا ہے، پاکستانیوں کو 3 خصوصی پروازوں، 3 نیوی شپس اور ایک زمینی قافلے کے ذریعہ اومان کے راستے یمن سے نکالا گیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے تصدیق کی کہ اب بھی ایک اندازے کے مطابق 150 پاکستانی یمن میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یمن میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ افراد تھے جو یمن میں ہی رہنا چاہتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انخلاء کا مشن 7 اپریل کو تکمیل تک پہنچ چکا تھا اس کے بعد کسی بھی شخص کی یمن سے انخلاء کیلئے کسی پاکستانی کی رجسٹریشن موجود نہیں تھی۔تسنیم اسلم نے بتایا کہ یمن سے انخلاء کے مشن میں سعودی حکومت کی جانب سے نو فلائی زون کے حوالے سے خصوصی رعایت دی گئی جبکہ مقامی انتظامیہ نے زمینی راستوں کے حوالے سے تعاون کیا۔

متعلقہ عنوان :