پاکستان کا جنوبی ایشیاء میں فوجی عدم توازن پر اظہار تشویش ، ہتھیاروں کے عدم پھیلاوٴ کے قوانین پرعدم توجہ کے باعث جنوبی ایشیا میں شورش میں اضافہ ہورہا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مندو ب ملیحہ لودھی کا تخفیف اسلحہ کے کمیشن سے خطاب

جمعہ 10 اپریل 2015 05:31

نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اپریل۔2015ء)پاکستان نے جنوبی ایشیاء میں فوجی عدم توازن پرکچھ ممالک کی پالیسز پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مختلف خطوں کے ممالک میں بڑھتے ہوئے دفاعی بجٹ اور روایتی ہتھیاروں کی فہرست میں اضافے کی جانب نشاندہی کی ہے ۔اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کے کمیشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کے عدم پھیلاوٴ کے قوانین پرعدم توجہ کے باعث مختلف خطوں اور خاص طور پر جنوبی ایشیا میں شورش میں اضافہ ہورہا ہے۔

ملیحہ لودھی نے تخفیف اسلحہ کے ایجنڈے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کا عمل رکنے کی وجہ یہ ہے کہ بہت سے جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک بڑی تعداد میں تیار کردہ اپنے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار نہیں ہونا چاہتے اور نہ ہی ان کے عدم پھیلاوٴ کے جدید پروگرام میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تخفیف اسلحہ پر موجود تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کے طور پر جنرل اسمبلی کا چوتھا خصوصی اجلاس بلانے پر بھی زور دیا ہے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ 50 ریاستوں کے سربراہان 2010ء کے بعد سے ہر دو سال میں نیوکلیر سیکیورٹی سمٹ میں شرکت کرتے ہیں جو جوہری مواد کے صرف 15 فیصد سے نمٹتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سربراہان کو جنرل اسمبلی کے خصوصی تخفیف اسلحہ کے سیشن میں بھی شرکت کرنی چاہیے اور دنیا میں موجود 17 ہزار جوہری ہتھیاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کا حصہ بنانا چاہیے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان بین الاقوامی طور پر سیکیورٹی اسلحے کی تخفیف پر بنائے گئے اصولوں پر ممالک کے درمیان برابری کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تشدد، جنگ اور ہلاکتوں کے لیے استعمال ہونے والے بڑے اور چھوٹے روایتی ہتھیار کی وجوہات سے ساتھ نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے۔