وزیر اعظم سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ،ایرانی صدر کا اہم پیغام پہنچایا،ملاقات میں پاک ایران تعلقات ،یمن کی گھمبیر صورت حال پر تبادلہ خیال ،ایرانی وزیرنے 8 محافظوں کے قتل پر وزیر اعظم کو ایران کی تشویش سے آگاہ کیا،پاکستان امن کا خواہاں ہے، خطے میں امن کیلئے مسلم ممالک کو ملکر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دہشت گردی کے خاتمے تک خطے میں امن اور خوشحالی نہیں آ سکتی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہزاروں جانیں قربان کی ہیں،وزیراعظم نواز شریف،آرمی چیف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات ،پاک ایران دفاعی تعاون ،خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال ،ایرانی وزیر خارجہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ،آپریشن ضرب عضب میں فوج کی کامیابیوں اور کاوشوں کو سراہا ہے،آئی ایس پی آر

جمعہ 10 اپریل 2015 05:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اپریل۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ،یمن کی صورت حال انتہائی گھمبیر ہے،تمام مسلم ممالک کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے تک خطے میں امن اور خوشحالی نہیں آ سکتی ہے ۔جمعرات کے روز وزیر اعظم نواز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی ہے ،ایرانی وزیر نے ایران کے صدر کا اہم پیغام وزیر اعظم تک پہنچایا ہے ۔

ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، طارق فاطمی ،سیکرٹری خارجہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نواز شریف اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں یمن کی گھمبیر صورت حال اور خطے میں پڑنے والے اثرات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کے صدر کا پیغام بھی وزیر اعظم نواز شریف تک پہنچایا جبکہ ایرانی وزیر نے پاک ایران سرحدی بارڈر پرایران کے8 محافظوں کے قتل کا معاملہ بھی وزیر اعظم سے اٹھایا اور ایران کی تشویش سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور یمن میں جاری جنگ کے خاتمے اور فریقین میں مذاکرات کے حامی ہیں ،انہوں نے کہا کہ یمن کی صورت حال انتہائی گھمبیر ہے جس کے اثرات پورے مشرق وسطی پر پڑ رہے ہیں،خطے کے تمام مسلم ممالک کو مل کر اس گھمبیر صورت حال سے نمٹنا ہوگا اور سب کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،وزیر اعظم نے پاک ایران سرحدی علاقے میں محافظوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہ اکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ،خطے میں دہشت گردی کے خاتمے تک امن قائم نہیں ہو سکتا اور پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اس میں ہزاروں جانیں گنوا چکا ہے ادھر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی ہے جس میں پاک ایران دفاعی تعلقات، خطے کی صورت حال ،پاک ایران بارڈر کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں پردہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی یاد گار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات بھی کی ہے جس میں پاک ایران تعلقات اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں یمن کی صورت حال ،خطے میں امن وا مان ،سکیورٹی صورت حال اور پاک ایران سرحدی بارڈر پر مینجمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا،ملاقات میں مسلمہ اتحاد،یگانگت ،سالمیت اور ہم آہنگی پر بھی زور دیا گیا،ایرانی خارجہ نے ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب میں افواج پاکستان کی کاوشوں اور کامیابیوں کو سراہا ہے