وزیراعظم کی وزارت پانی و بجلی کو ایل این جی پر مبنی منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت،بجلی کی بچت کے لئے اسلام آباد میں شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے، دکانیں رات 8 بجے اور ریستوران شب 11 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ

جمعرات 9 اپریل 2015 04:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اپریل۔2015ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزارت پانی و بجلی کو ایل این جی پر مبنی منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بجلی کی بچت کے لئے اسلام آباد میں شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے، دکانیں رات 8 بجے اور ریستوران شب 11 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت بدھ کی صبح وزیراعظم ہاؤس میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا جو تقریباً تین گھنٹے جاری رہا۔

اجلاس میں 12 مارچ 2015ء کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایک ایل این جی ٹرمینل قائم کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرا آئندہ ماہ تیار ہوگا۔

(جاری ہے)

دونوں پلانٹس پر پاکستانی کمپنیوں نے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ وزیراعظم کو 1100 کلو میٹر کے شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے کے بارے میں بھی بتایا گیا جو 2017ء کی پہلی ششماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ 3600 میگاواٹ کے پیداواری منصوبہ جات کے لئے اوپن اور کمبائنڈ سائیکل پلانٹس کی تکمیل کے لئے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گزشتہ اجلاس میں طے کردہ مدت کے فیصلے کی سختی سے پیروی کی جائے۔ وزیراعظم نے سیکریٹری پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبہ جات کی روزانہ کی بنیاد پر ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ چینی قیادت کے آئندہ اعلیٰ سطح کے دورے کے دوران متفقہ توانائی منصوبہ جات کے لئے موزوں نتائج کا تعین ہو سکے۔

وزیراعظم نے توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی میں وزراء کو ہدایت کی کہ وہ وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اجلاس کریں اور انہیں دکانوں، شادی ہالوں اور ریستوران کو جلد بند کرنے سمیت کفایت شعاری اور بچت اقدامات کی ضرورت کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کریں۔ انہوں نے وزارت پانی و بجلی کو بجلی کی بچت کے حوالے سے عوام الناس میں شعور بیدار کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی بچت کے لئے اسلام آباد میں شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے، دکانیں رات 8 بجے تک اور ریستوران شب 11 بجے تک بند کرنے کیلئے کہا جائے گا۔ سینکڑوں میگاواٹ بجلی بچانے کے لئے دیگر صوبوں کے لئے مثال قائم کرنے کیلئے پنجاب میں بھی اسی طرز پر پیروی کی جائے گی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنکھوں، قمقموں، ایئر کنڈیشنرز، موٹرز، ریفریجریٹرز، واشنگ مشین اور یو پی ایس سمیت کم بجلی استعمال کرنے والی برقی مصنوعات کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اجلاس میں صنعتوں میں انرجی آڈٹ اور توانائی کی بچت کے بارے میں شعور پیدا کرنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ ان کے بلوں اور بجلی کے استعمال میں بچت ہو۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت پانی و بجلی اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے درمیان ادائیگی کے مسئلہ کو حل کیا جائے اور پانی و بجلی اور پٹرولیم و قدرتی وسائل کی وزارتیں وزارت خزانہ کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی وضع کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی، وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک، پنجاب سے رکن صوبائی اسمبلی رانا ثناء الله، وزیراعظم کے سیکریٹری جاوید اسلم، سیکریٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا، سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا، سیکریٹری اطلاعات محمد اعظم اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

ادھروفاقی حکومت نے توانائی کی بچت کیلئے مارکیٹیں رات 8،شادی ہال10اورریسٹورنٹس11بجے بندکرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کواحکامات جاری کردیئے ،وفاقی حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کوجاری احکامات کے مطابق اسلام آبادمیں تمام مارکیٹیں رات 8بجے بندکرانے کے فیصلے پرعملدرآمدکرایاجائے ،شادی ہالزرات10بجے اورریسٹورنٹس 11بجے تک کھلے رہ سکتے ہیں ،احکامات کی خلاف ورزی پرکارروائی بھی کی جاسکتی ہے