تحریک انصاف والے گالیاں دیں ہم لبوں کو سی لیں یہ نہیں ہوسکتا خواجہ آصف،رلیمنٹ کی توقیر کا دفاع کرنا میرا حق ہے،اسمبلی میں جو کہا اس پر قائم ہوں،تحریک انصاف کے اراکین دوبارہ اسمبلی آئے تو یہی سوال اٹھاؤں گا، وفاقی وزیر دفاع

بدھ 8 اپریل 2015 06:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اپریل۔2015ء)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے گالیاں دیں اور ہم اپنے لبوں کو سی لیں یہ نہیں ہوسکتا،پارلیمنٹ کی توقیر کا دفاع کرنا میرا حق ہے،اسمبلی میں جو کہا اس پر قائم ہوں،تحریک انصاف کے اراکین دوبارہ اسمبلی آئے تو یہی سوال اٹھاؤں گا،سعودی عرب کی سرزمین اور حرمین شریفین کو خطرہ نہیں،کسی سٹیج پر کوئی کمٹمنٹ نہیں کی،پورس کا ہاتھی مشکل وقت میں بھٹو کو چھوڑ گیا تھا۔

نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ پرانا ادھار چکایا اسمبلی میں کی گئی بات پر اب بھی قائم ہوں،ایسا نہیں ہوسکتا کہ تحریک انصاف والے گالیاں دیں اور ہم اپنے لبوں کو سی لیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سرکاری اداروں پر حملے کئے آج بھی اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں جو ایک ادارے کی توہین اور تضحیک اور گالی ہے اگر جوڈیشل کمیشن بن چکا ہے تو پھر اسے اسمبلی کے جعلی یا اصلی ہونے کا فیصلہ کرنے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی گالی نہیں دی اور نہ ہی غلط زبان استعمال کی،میں نے صرف ارکان کے استعفوں سے متعلق پوچھنے کا کہا۔انہوں نے کہا کہ پورس کا ہاتھی میں نہیں اعتزاز احسن ہے میں نے ہر مشکل وقت میں اپنی قیادت کا ساتھ دیا اور کبھی بھاگا نہیں،اعتزاز احسن تو مشکل وقت میں بھٹو کو چھوڑ کر تحریک استقلال میں چلے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب کی سرزمین اور حرمین شریفین کو کوئی خطرہ نہیں،سعودی عرب میں ایک ہزار پاکستانی فوجی موجود ہیں لیکن یمن کی سرحد پر کوئی پاکستانی فوجی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے حکام سے ملاقاتوں میں کوئی کمٹمنٹ نہیں کی،شیخ رشید کی بات کا جواب آرمی چیف نے دے دیا ہے،ہم نے جو بھی فیصلے کئے وہ پاکستان کے مفاد میں کیسے اور آج بھی پالیسی پر چل رہے،ہماری ترجیح ہے کہ ہم یمن مسئلے کا پرامن حل نکالنے کیلئے کردار ادا کریں،اسمبلی کے نقطہ نظر کا احترام کرتے ہیں،ہم اپنی جنگ تن تنہا لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے تعلقات اپنی جگہ ہیں لیکن جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پارلیمنٹ میں اتفاق رائے سے اور پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب نے دوستوں کی علامتی تعاون کی درخواست کی ہے،اگر سعودی عرب کو خطرہ ہوا تو اس کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سی این این نے پاکستانی طیاروں بارے خبر پر معافی مانگی ہے۔سعودی حکام کی پریس کانفرنس میں پاکستانی جھنڈے کا علم نہیں تاہم اگرہے تو غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی شروع ہوچکی ہے اور متاثرہ علاقوں کی ترقی اور متاثرین کی آبادکاری پر بھی توجہ دی جارہی ہے،ہم اس علاقے کو ہمیشہ کیلئے امن کا گہوارہ بنانے کے لئے کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمارے گلی کوچوں میں لڑی جارہی ہیں،ہماری سرحدوں پر بھی خطرات ہیں تاہم افغانستان کے ساتھ تعلقات بہت دہائیوں کے بعد اچھے ہورہے ہیں جو خوش آئند ہے،ہمیں اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر خطرات ہیں،ہمارے ہاں بجلی اور گیس کا مسئلہ بھی ہے،پاکستانی معیشت کو بچانا سب سے بڑا خطرہ ہے،اسحاق ڈار کی کوششوں سے معاشی طور پر پاکستان میں بہتری آئی ہے ۔