پاکستان مصر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،ممنون حسین،دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں خصوصاً دفاع کے شعبے میں مزید شراکت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،صدرمملکت کی مصری وزیر دفاع سے ملاقات میں گفتگو، آرمی چیف اور جوائنٹ آف سٹاف کمیٹی سے مصر کے کمانڈر انچیف اور وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ

بدھ 8 اپریل 2015 06:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اپریل۔2015ء)صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مصر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،دونوں ملکوں کے مابین تمام شعبوں خصوصاً دفاعی شعبے میں مزید شراکت داری بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر کے وزیر دفاع ودفاعی پیداوار کمانڈران چیف جنرل صدقی صوبحی سید سے منگل کے روز ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے وفود کے تبادلے سے باہمی تعاون اور شراکت کے نئے دروازے کھلیں گے۔صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین تمام اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ایک جیسے خیالات پر مبنی قریبی سفارتی تعلقات کو نمایاں کیا۔صدر نے مصر کی طرف سے آئی ڈی پیز اور پاکستان میں2010ء اور2011ء کے سیلابوں میں مصر کے تعاون کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

مصر کے وزیر دفاع کمانڈر انچیف جنرل صدقی صوبحی سید نے صدر کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا ۔ادھرمصر کے کمانڈر انچیف اور وزیر دفاع جنرل صدقی صوبی سیدگی نے آرمی چیف اور جوائنٹ آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ملاقات میں دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کی شام مصر کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور وزیر دفاع جنرل صدیق صوبی سید نے جوائنٹ چیف آف سٹاف ہیڈ کوارٹر چکلالہ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک مصر دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا مصر کے وزیر دفاع اور کمانڈر انچیف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی اس ملاقات میں دو طرفہ دفاعی امور سکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔