پی ٹی آئی ارکان اب بھی قومی اسمبلی کے ممبران ہیں‘ سپیکر کی رولنگ

منگل 7 اپریل 2015 03:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اپریل۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایم کیو ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اعترا ضات مسترد کرتے ہوئے رولنگ دی ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اب بھی پارلیمنٹ کے ممبرز ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان نے جو استعفے دیئے تھے ان کو منظور نہیں کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے ارکان اب بھی سینٹ اور قو می ا سمبلی کے ممبران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ان کو ایوان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی ہے اور یہ ارکان ایوان میں اپنی نشستوں پر براجمان ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ارکان اب بھی قو می اسمبلی کے ممبران ہیں۔ تحریک انصاف سات ماہ کے عرصہ کے بعد قو می اسمبلی کے اجلاس میں عمران خان کی قیادت میں شریک ہوئے پارلیمنٹ کا یہ مشترکہ اجلاس یمن کی صورتحال پر طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قو می ا سمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ان کی ذات پر جس جس نے دقیق حملے کئے وہ انہیں معاف کرتے ہیں انہوں نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے قبول نہ کرکے آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے اور اپنے فرائض منصبی قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے پورے کر رہا ہوں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مستقبل میں بھی اپنے فرائض منصبی پورے کرتا رہوں گا۔ پی ٹی آئی کے ارکان کے ایوان میں آنے پر ایم کیو ایم اور جے یو آئی نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ انہوں نے اسمبلی سے استعفے خود دیئے ہیں اب یہ ارکان اسمبلی کے ممبران نہیں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے پی ٹی آئی ارکان کی آمد پر ایوان میں ”لوٹ کے بدھو گھر کو آئے“ اور معافی مانگو‘ ڈوب مرو جبکہ پی ٹی آئی کا ایک اور یوٹرن کے نعروں سے ایوان گونجتا رہا جبکہ وفاقی وزراء اپنے ارکان کو خاموش رہنے کی تلقین کرتے رہے۔