سری لنکا کے صدرسری سینا3روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے، صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف سے متعدد معاملات پر بات چیت کرینگے،دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اورمفاہمت کی یاداشتوں پردستخط کئے جائیں گے

اتوار 5 اپریل 2015 03:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء )سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سیناپاکستان کے تین روزہ دورے پر آج اتوار کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔نئے منتخب صدر سری سینا کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔پاکستان میں قیام کے دوران وہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف سے متعدد معاملات پر بات چیت کرینگے۔

(جاری ہے)

ان کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اورمفاہمت کی یاداشتوں پردستخط کئے جائیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان خوشگوار دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 1948ء میں قائم ہوئے تھے جس کے بعد دوطرفہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے چلے گئے۔سارک اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک ہونے کی حیثیت سے پاکستان اور سری لنکا دوطرفہ علاقائی اور عالمی نوعیت کے معاملات پرایک دوسرے سے قریبی تعاون کرتے ہیں۔