یمن سے 176 پاکستانی محصورین بے نظیر ائیر پور ٹ پہنچ گئے، تشکر کے آنسوؤں میں زبردست استقبال ،پھول کی پتیاں نچھاور،وزیر دفاع خواجہ آصف نے استقبال کیا ،ائیر پور ٹ پر پاکستان زندہ باد،وزیر اعظم نواز شریف زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا،محصورین پاکستانیوں نے چین اور پاکستان کے قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے ہوئے تھے،یمن سے محصورین پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے چین اور سعودی عرب کے شکر گزار ہیں،خواجہ آصف ، یمن کی صورت حال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حتمی لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا ،سعودی عرب کی علاقائی اور خود مختاری کی حفاظت کا عزم کررکھا ہے ،یمن کو انتشار سے نکالنے اور امت مسلمہ میں اتحاد کیلئے کوششیں کررہے ہیں، وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو، باحفاظت وطن واپس پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے اور وزیر اعظم نواز شریف کے شکر گزار ہیں، باقی پاکستانی بھائی بھی یمن میں پھنسے ہوئے ہیں ان کو بھی جلد از جلد نکالا جائے ، اربوں روپے کا بزنس چھوڑ کر آئے ہیں ،حالات ٹھیک ہوتے ہی ہمیں دوبارہ یمن بھیجا جائے،امی اور ابو کے چہروں پر ہنسی آئی ہے ،میں آج اپنے گھر آیا ہوں ،بہت خوش ہوں، یمن سے آئے پاکستانی شہریوں اور ننھا بچے کی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو، یمن میں پھنسے 200مزیدپاکستانیوں کو واپس لانے پی آئی اے کا طیارہ کل صنعاء روانہ ہوگا

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء)یمن کے شہر جبوتی سے پاکستانی ائیر لائن 176محصور پاکستانیوں کو لیکر وطن واپس پہنچ گئی ،پاکستانیوں کے آنکھوں میں تشکر کے آنسو میں زبردست استقبال کیا گیا ،پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں،ائیر پورٹ پر پاکستان زندہ باد اور وزیر اعظم نواز شریف زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔جمعہ کے روز پاکستانی ائیر لائن 7004 پرواز 176 پاکستانیوں کو یمن کے شہر جبوتی سے لیکر پاکستان پہنچی تو ائیر پور ٹ پر محصورین پاکستانیوں کا سیڑھیوں سے اترتے ہی وزیر دفاع خواجہ آصف اور اور مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے محصور پاکستانیوں کا استقبال کیا،پاکستانی شہریوں کے ہاتھوں میں پاکستان اور چین کے قومی جھنڈے ہاتھوں میں تھامے ہوئے تھے ۔

اس موقع پر یمن سے آنے والے محصور پاکستانیوں کے عزیز واقارب بڑی تعداد میں ائیر پورٹ لاؤنج میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع خواجہ نے آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی باحفاظت نکالنے کیلئے خود نگرانی کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی صنعاء میں300 کے قریب پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے حکومت پاکستان کوششیں کررہی ہے اور انشاء اللہ2 دنوں میں یمن میں پھنسے ہوئے شہری پاکستانی سرزمین پر آ جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ یمن سے پاکستانی محصورین کو نکالنے کے لئے چین نے ہماری بہت مدد کی ہے جس کے ہم شکر گزار ہیں، انہوں نے سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی شہریوں کو نکالنے کیلئے پاکستانی ائیر لائن کی مدد کی ۔

،انہوں نے کہا کہ یمن کی صورت حال پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا ہے جس میں حتمی لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا ۔سعودی عرب کی علاقائی اور خود مختاری کی حفاظت کا عزم کررکھا ہے ۔حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ یمن کو انتشار سے نکالا جائے اور اس کا پرامن طور پر حل نکل آئے اور امت مسلمہ میں اتحاد قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں ،ایرانی وزیر خارجہ سے مشرق وسطی اور یمن کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا اور مستقبل میں امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا۔

دریں اثناء یمن سے آئے ہوئے پاکستانیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں سہولیات دینے اور باحفاظت پاکستان پہنچانے پر وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں،حکومت اور پاکستانی سفارت خانے نے ہماری بہت مدد کی ہے ،یمن میں حالات نازک اور خطرناک ہیں،پاکستان واپس آ کر بہت خوشی ہوئی ہے ،پاکستانی تاجر نے کہا کہ یمن سے اربوں روپے کا بزنس چھوڑ کر وطن واپس آئے ہیں انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حالات ٹھیک ہوتے ہی ہمیں دوبارہ یمن میں واپس بھیجا جائے تا کہ ہم اپنی پوری زندگی محنت سے کمائے بزنس کو دوبارہ شروع کر سکیں ۔

ایک ننھا بچے پاکستانی پرچم ہاتھ میں تھامے میڈ یا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہم پاکستان واپس آ گئے ہیں ،میرے ابو اور امی بہت پریشان تھے ،دن رات روتے رہتے تھے ،دھماکوں اور گولیوں کی آوازوں سے مجھے بہت ڈر لگتا تھا ،میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی بدولت میں امی اور ابو کے چہروں پر ہنسی آئی ہے ،میں آج اپنے گھر آیا ہوں ،میں بہت خوش ہوں ،پاکستان زندہ باد،نواز شریف زندہ باد۔

ایک اور پاکستانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم پاکستانی حکومت اور وزیر اعظم نواز شریف کی بدولت صحیح سلامت پاکستان پہنچ گئے ہیں جن کے ہم شکر گزار ہیں ،ہم وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ باقی پاکستانی بھائی بھی یمن میں پھنسے ہوئے ہیں ان کو بھی جلد از جلد نکالا جائے اور انہیں پاکستان کی آزاد ہواؤں میں لایا جائے ۔ادھرپی آئی اے کاطیارہ یمن میں پھنسے 200مزیدپاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے اتوارکی صبح صنعاء روانہ ہوگا،نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پروازاتوارکی صبح صنعاء روانہ ہوگی ،جس کے ذریعے 200پاکستانیوں کووطن واپس لایاجائیگا