ملائیشیا کا یمن میں سعودی فوجی آپریشن میں شمولیت پرغور ،ملائیشیا ء کے کمانڈر ان چیف کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات

جمعرات 2 اپریل 2015 03:17

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء)ملائیشیا کی حکومت نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کے فوجی آپریشن میں شمولیت پرغور کا عندیہ دیا دہے۔ عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق اہم عالمی رہنماؤں کی سعودی عرب آمد اور حوثیوں کے خلاف فوجی آپریشن کے حوالے سے صلاح مشورے جاری ہیں۔ گذشتہ روزامریکی ایوان نمائندگان کے چیئرمین جون بینرنے بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شہزادہ سلمان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون بالخصوص یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ”فیصلہ کن طوفان“ پر تبادلہ خیا کیا گیا۔ امریکی رْکن کانگریس کا کہنا تھا کہ ان کا ملک حوثی باغیوں کے خلاف سعودی حکومت کی کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔بعد ازاں ملائیشیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل تان سری راجا نے بھی ریاض میں سعودی وزیردفاع سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں حوثیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن میں ملائیشیا کی شمولیت کے بارے میں غور کیا گیا۔ وزیردفاع شہزادہ سلمان نے بتایا کہ یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن صدر منصور ھادی کی درخواست پر شروع کیا گیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد یمن کو مخصوص گروہ کے چنگل سے نکال کر امن و استحکام کی راہ پر ڈالنا ہے۔ادھر سوڈان کے وزیرمملکت اورایوان صدر کے پرنسپل سیکرٹری طہ عثمان احمد الحسین نے صدر عمر حسن البشیر کی جانب سے سعودی وزیردفاع اور خادم الحرمین الشریفین کو ارسال کیے گئے پیغامات ان تک پہنچائے۔ سوڈانی وزیر نے شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور صدر کے دونوں مکتوب ان کے حوالے کیے۔

متعلقہ عنوان :