پاکستان اسلامی ممالک کے اتحاد کیلئے مہم چلائے ،سید خورشید شاہ،پاکستان نے افغان جنگ کے نتائج بھگت لئے اب یمن جنگ میں نہیں کودنا چاہیے سعودی سرحدوں کا دفاع کریں گے، ذوالفقار بھٹو کی برسی میں بلاول بھٹو شرکت نہیں کرینگے ، سکھر میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل سنٹر کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 2 اپریل 2015 03:37

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغان جنگ کے برے نتائجبھگت چکا ہے اب ہمیں کسی پرائی جنگ میں نہیں کودنا چاہیے ،سعودی عرب کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاکستان دفاع کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل سنٹر کے افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل بننے سے بدعنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی ،2,2 سرکاری نوکری والے افراد پکڑے جائیں گے اس سے قبل وہ خود ہی استعفیٰ دے دیں،انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم سے سکھرشہریوں کو اب ڈومیسائل حاصل کرنے میں مہنوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ایک گھنٹہ کے اندر ہی ڈومیسائل مل جائے گا،اب کوئی جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی نہیں بن سکے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے شام کے معاملے پر بھی پاکستان کو نیوٹرل رہنے کا مشورہ دیا تھا اور اب یمن کی صورت حال پر بھی نیوٹرل رہنے کا ہی مشورہ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یمن کے اندرونی مداخلت میں نہیں پڑنا چاہیے ،سعودی عرب اور یمن کی سرحدوں کا احترام کیا جانا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان کی جنگ میں مداخلت کر کے بہت سے نتائج بھگت لئے ہیں اب ہمیں یمن کی جنگ میں نہیں کودنا چاہیے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب کی سرحدوں کو کوئی خطرہ ہوا تو پاکستان سعودی کے ساتھ کھڑا ہوگا اور سعودیہ کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے دفاع کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان نہیں آرہے ہیں،ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر وہ ٹیلی فونک خطاب کریں گے