گورنر سندھ عشرت العباد کی مصالحت کی کوششیں رنگ لے آئیں،جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے پرمتحدہ اور پی ٹی آ ئی کے درمیان ضابطہ اخلاق طے ،دونوں جماعتوں کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف مقدمات واپس لینے پر اتفاق،تمام سیاسی جماعتیں امن وامان کیلئے اپنا کردار ادا کریں، گورنرعشرت العباد ،الطاف حسین کی مصالحتی کوششوں کو سراہتے ہیں ، پرامن لوگ ہیں ضمنی ا لیکشن پیار ومحبت سے لڑنا چاہتے ہیں،عمران اسماعیل ، جناح گراؤنڈ جلسہ میں قائدین الفاظ کے چناؤاور الزام تراشی سے گریز کریں،عارف علوی

جمعرات 2 اپریل 2015 03:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان گورنر سندھ نے مصالحت کرادی ہے ،دونوں جماعتوں کے درمیان جناح گراؤنڈ میں جلسہ کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر معاملات طے پا گئے ہے ،ایک دوسرے کے خلاف مقدمات بھی واپس لینے پر رضا ہوگئے۔بدھ کے روز گورنر سندھ عشرت العباد نے گزشتہ روز جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدہ صورت حال کے پیش نظر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کو گورنر ہاؤس بلایا ۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماڈاکٹر عارف علوی ،عمر ان اسماعیل ،خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نے شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول اور کنور نوید جمیل نے شرکت کی جبکہ کمشنر کراچی اور پولیس حکام نے بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

دونوں جماعتوں کے درمیان تین گھنٹے تک طویل اجلاس ہوا جس میں کراچی کی امن وامان کی صورت حال ،جناح گراؤنڈ میں گزشتہ روز کشیدہ صورتحال اور گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے الطاف حسین کا اہم پیغام بھی تحریک انصاف تک پہنچایا ،دونوں جماعتوں کے درمیان این اے 246 میں ضمنی الیکشن اور جناح گراؤنڈ میں جلسے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے پا گیا ہے جس پر دونوں اطراف سے رہنماؤں نے ضابطہ اخلاق پر دستخط کئے۔ اجلاس کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد نے ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز جناح گراؤنڈ میں کشیدہ صورت حال سے کراچی کی امن کی فضاء متاثر ہوئی ہے ،الطاف حسین نے اس کشیدہ صورت حال پر اظہار تشویش کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے دونوں اطراف سے کشیدہ صورت حال کا جائزہ لیکرتحریک انصاف کو پیشکش کی جسے تحریک انصاف نے قبول کر لی ہے ،گورنر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کراچی میں امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ الطاف حسین جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں،جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنا تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے ،الطاف حسین کی مصالحتی کوششوں کو سراہتے ہیں ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے الطاف حسین کے بیان کو سراتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی میں خوف کی فضاء کو توڑنا چاہتے ہیں، این اے 246 ضمنی الیکشن کی کوئی اہمیت نہیں ہے اس کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ،این اے246 میں ضمنی لیکشن میں تحریک انصاف پیار ومحبت اور امن سے الیکشن لڑنا چاہتی ہے،دونوں جماعتوں کے درمیان مصالحت پر گورنر سندھ اور الطاف حسین کی کوششوں کو سراہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے ضابطہ اخلاق پر دونوں طرف عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیے ،گورنر سندھ نے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ این اے 246 میں ضمنی الیکشن پرامن ماحول میں ہوگا،تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جناح گراؤنڈ میں یاد گار شہدا کی حفاظت ہماری بھی ذمہ داری ہے شہید ہونے والے ہمارے بھی بچے ہیں ہم جناح گراؤنڈ میں جائیں گے اور یاد گار شہداء پر فاتحہ خوانی کریں گے ،انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے پا گیا ہے جس کے مطابق دونوں جماعتیں جناح گراؤنڈ میں پرامن طور پر جلسہ کریں گے اور جلسے کے دوران خطاب میں الفاظ کے چناؤاور ایک دوسرے پر الزام تراشی سے گریز کریں گے