وزیراعظم نوازشریف یمن بحران پر مشاورت کیلئے اسلامی ممالک کا دورہ کرینگے

جمعرات 2 اپریل 2015 03:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء )حکومت مشرق وسطیٰ کے بحران کے جلد حل کیلئے سہولت فراہم کرنے اور مسلم امہ میں امن واتحاد کے فروغ کے ایک نتیجہ خیز حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔وزیراعظم نواز شریف اس مقصد کے حصول کیلئے ذاتی طور پر یمن کے بحران سے منسلک مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطے میں ہیں۔ سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق اس مسئلے پر بات چیت کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا وفد سعودی عرب بھیجنے سمیت توقع ہے کہ وزیراعظم اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے اسلامی ممالک کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے مسلم امہ کو اس بحران سے نکالنے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت کو اعتماد میں لینے کی غرض سے بھی مختلف اقدامات کئے ہیں تاکہ ایک مشترکہ قومی حکمت عملی وضع کی جا سکے۔

(جاری ہے)

جہاں تک یمن میں محصور پاکستانیوں کا تعلق ہے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان کی محفوظ اور جلد واپسی یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کیلئے فضائی اور بحری ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔الحدیدہ سے بڑی تعداد میں پاکستان فضائی راستے سے پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی پاکستانیوں کو سمندر کے راستے لانے کیلئے بحریہ کے چار جہاز تیار کھڑے ہیں۔چین کی بحریہ بھی یمن میں محصورپاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے مدد فراہم کر رہی ہے۔