بھارت اور پاکستان کے عوام امن وشانتی چاہتے ہیں،مہیش بھٹ،دونوں ملکوں کی سول سوسائٹی قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے،معروف بھارتی فلمساز و ہدایت کار کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 1 اپریل 2015 09:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء)معروف بھارتی فلمساز و ہدایت کار مہیش بھٹ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے عوام امن وشانتی چاہتے ہیں دونوں ملکوں کی سول سوسائیٹی قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے،ہمارے خواہش ہے کہ ہم دیگر ملکوں کی طرح پاکستان آکر فلموں کی شوٹنگ کریں فنکار اور میوزک کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوریاں ختم ہوں بھارت میں چند ایک پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کی ہم نے شدید مذمت کی ۔

پاکستان آکر کبھی یہ محسوس نہیں ہواکہ میں کسی غیر ملک میں ہوں۔کراچی کے لوگوں کا پیار قابل دید ہے جو ہمیں بار بار کراچی آنے پر مجبور کر تا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی بیٹی کے ہمراہ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا)میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مہیش بھٹ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے عوام آپس میں امن وسکون سے رہنا چاہتے ہیں مگردونوں اطراف سے کچھ انتہاء پسند دونوں عوام کے بیج دوریاں پیدا کررہے ہیں دونوں ملکوں کو قریب لانے کے لیے دونوں ممالک کے فنکار اپنا کردار ادا کررہے ہیں اب ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کی سول سوسائیٹی بھی قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ دنوں ممالک کے درمیان موجود دوریاں ختم ہوسکے،انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم دیگر ممالک میں کی طرح پاکستان آکر اپنے فلموں کی شوٹنگ کریں اس سے ہمیں اور پاکستان دونوں کو مالی فائدہ حاصل ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت کارشتہ بھی مضبوط ہوگا،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فنکار بھارت میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہاں ان کی بہت پزیرائی بھی کی جارہی ہے راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے علاوہ دیگر سنگرزنے بھارت کی میوزک انڈسٹری میں جان ڈال دی ہے بھارت میں چند ایک فنکار کے ساتھ امتیازی سلوک کے واقعات ہوئے ہیں جن کی فنکار برادری نے پرزور مذمت کی اور شدید احتجاج کرکے ان کو منہ توڑجواب دیا۔

انکا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر پیار بانٹنے کے لیے آئے ہیں اور یہ پیار یکطرفہ نہیں ہے جتنا پیار ہم نے دیا اس سے کہیں زیادہ پیار ہمیں یہیں کے لوگوں سے ملا جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔پاکستان اور بھارت کے کلچر میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ہم ایک پر امن جنوبی ایشیا کے خواہاں ہیں،ہماری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان فاصلے کم ہوں اور اس کے لئے ہم فنکاروں سے جو کچھ ہوسکا ہم کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر پوجا بھٹ نے کہا کہ 2003ء میں کارا فلم فسٹول کے سلسلے میں یہاں آنا ہوا تھا اس وقت کے بعد سے یہاں کافی تبدیلیاں ہوئی ہے یہاں کے لوگوں کے پیار میں بھی اضافہ ہوا ہے اورپاکستان میں بھارتی فلموں کی پذیرائی بھی پہلے کی بہ نسبت زیادہ کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی نوجوان نسل بہت سمجھدار ہے اور وہ کسی صورت بھی دشمنی کے لیے تیار نہیں دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کو سمجھ رہے ہیں اور ان کے درمیان فاصلہ کم سے کم تر ہوتا جارہا ہے ۔میوزک انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں کی شاندار پرفامنس کے بعد ایکٹنگ کے شعبہ میں بھی پاکستان کے فنکار اپنا لوہا منوارہے ہیں جن میں فواد خان،عمران عباس اور علی ظفر قابل ذکر ہیں۔