پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی عمران اسماعیل کی گاڑی پر ایم کیو ایم کے کارکنان کا حملہ،شیشے توڑ دئیے،انڈوں کی بارش بھی کی گئی، کسی سے ڈرنے والے نہیں جلسہ ضرور کریں گے،عمران اسماعیل ،تحریک انصاف نے کراچی میں جناح گراوٴنڈواقعہ کامقدمہ تھانہ عزیزآبادمیں درج کرالیا ،الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے بعد نامعلوم افراد کا پی ٹی آئی کے دفتر پرحملہ ،دو کارکن شدید زخمی

بدھ 1 اپریل 2015 08:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی عمران اسماعیل کی گاڑی پر ایم کیو ایم کے کارکنان کا حملہ،شیشے توڑ دئیے،انڈوں کی بارش بھی کی گئی،عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کسی سے ڈرنے والے نہیں جلسہ ضرور کریں گے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے246 نبیل گبول کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات23اپریل کو ہوں گے،اس حلقہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں جلسہ کرنے کے لئے ڈی سی آفس میں درخواست دی جس کے بعد وہ جلسہ گاہ کا معائنہ کرنے کیلئے گراؤنڈ پہنچ گئے اور بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔

عمران اسماعیل میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان وہاں پہنچ گئے،جنہوں نے شدید نعرے بازی شروع کردی جس کے جواب میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی نعرے بازی شروع کی تاہم عمران اسماعیل نے کارکنوں کو وہاں سے خاموشی سے نکلنے کا کہا لیکن ایم کیو ایم کے کارکنوں نے عمران اسماعیل کی گاڑی اور تحریک انصاف کے کارکنوں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کردیا اورگاڑی پر انڈے بھی پھینکے،اس حملے میں عمران اسماعیل بچ گئے اور وہاں سے نکل گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے گراؤنڈ گئے ایم کیو ایم نے وہی کیا جو ان کا وطیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر پتھروں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا جس سے ہمارے8سے 10کارکن زخمی ہوگئے،جنہیں ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں یہی خوف ہے جس کو توڑنے جارہے ہیں،ہم ڈرنے والے نہیں جلسہ ضرور کریں گے،ہم نے اسی خوف کو ختم کرنا ہے جو ایم کیو ایم نے پیدا کیا ہوا ہے،اب ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ مزید نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ جناح گراؤنڈ الطاف حسین کی ملکیت نہیں مجھے ایم کیو ایم سے یہ توقع نہیں تھی،مٹھی بھر لوگوں نے جناح گراؤنڈ میں غنڈہ گردی کی اور گاڑیوں کے شیشے توڑے،کراچی سب کا ہے اور ہر کسی کو کراچی میں رہنے کا حق حاصل ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمیں کوئی خوف نہیں ہم الیکشن لڑیں گے اور جیت کر دکھائیں گے،میں بھی کراچی میں پلا بڑھا ہوں کراچی کی روشنیاں واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جناح گراؤنڈ میں پلاننگ سے ڈنڈے اور پتھر برسائے گئے،ہم ایم کیو ایم کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے،ہمیں کوئی خطرہ نہیں اورہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کراچی میں جناح گراوٴنڈواقعہ کامقدمہ تھانہ عزیزآبادمیں درج کر ا لیاگیا،مقدمہ الطاف حسین اورنامعلوم افرادکے خلاف درج کرایا گیا ہے ۔منگل کے روزجناح گراوٴنڈمیں عمران اسماعیل پرہونے والے حملے کے بعدتحریک انصاف کے کارکن عزیزآفریدی اورارسلان کی درخواست پرپولیس تھانہ عزیزآبادنے مقدمہ درج کرلیاہے ۔

مقدمہ کانمبر96ہے ،درخواست میں الطاف حسین کانام شامل ہے جبکہ دیگرافرادنامعلوم ہیں،مقدمہ میں تعزیرات پاکستان کی دفعات147،148،149،506اور427لگائی گئی ہیں ۔مقدمہ کے اندراج کے بعدایم کیوایم کے کارکنوں کی بڑی تعدادعزیزآبادتھانے پہنچ گئی ،تاہم تھانے کاعملہ غائب ہوگیاہے ایم کیوایم کاکہناہے کہ کارکن تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے گئے ہیں ادھرتحریک انصاف کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے بعد نامعلوم افراد نے کراچی کے علاقے نیو کراچی پاور ہاوٴس چورنگی پر پی ٹی آئی کے دفتر پرحملہ کردیا ہے ، دو کارکن شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

رہنما پی ٹی آئی سبحان علی ساحل کے مطابق نیو کراچی پاور ہاؤس کے قریب واقع ہمارے دفتر پر منگل کی شب مسلح افراد نے حملہ کیا ہے اور توڑ پھوڑ کی اور ہمارے دو کارکنان نوید اوررشید زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک کارکن لاپتا ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ کراچی میں کوچنگ سینٹرکے باہر لڑکوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے ۔