الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے درمیان طویل اجلاس،فیصل سبزواری کی پارٹی رکنیت معطل ،سندھ اسمبلی کی سیٹ سے بھی استعفیٰ مانگ لیا گیا، فیصل سبزواری نے الطاف حسین سے معافی مانگ لی

منگل 31 مارچ 2015 02:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء)ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے کارکن اور صوبائی رکن اسمبلی سبزواری کی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کر دی ہے اور سندھ اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پیر کے روزنائن زیرو پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے درمیان تین گھنٹے طویل ان کیمرہ اجلاس ہوا ،اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے متعدد ارکان کی عدم شرکت پر الطاف حسین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔

اجلاس میں نائن زیر و پر رینجرز کے چھاپے اور اس کے بعد ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔الطاف حسین نے نائن زیرو پر چھاپے کے بعد رابطہ کمیٹی کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے،اس دوران الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے کارکن فیصل سبزواری کی پارٹی رکنیت معطل کر تے ہوئے سندھ اسمبلی کی سیٹ سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے رابطہ کمیٹی ارکان کی قسمت کا فیصلہ الطاف حسین کریں گے ۔

(جاری ہے)

ادھرمتحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے مشترکہ اجلاس میں عدم شرکت پر اہم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے معافی مانگ لی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کئی دنوں سے طبعیت ناساز ہے جس کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکا ۔ اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر الطاف حسین بھائی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت چاہتا ہوں انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ای م کی رکنیت سے معطلی کی خبر میڈیا کے ذریعے موصول ہوئی ہے ابھی تک باقاعدہ معطلی کا کسی پارٹی رہنما نے نہیں کہا ۔ الطاف حسین کی جانب سے اگر حکم جاری کیا گیا تو پارٹی سمیت اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں گا ۔