کار سرکار مداخلت مقدمہ،نو منتخب سینیٹر شبلی فراز اور اعظم خان سواتی کے جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری عدالت میں حاضر ہونے پر منسوخ ،فرد جرم عائد، آئندہ سماعت اٹھارہ اپریل تک ملتوی

اتوار 29 مارچ 2015 01:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مارچ۔2015ء)جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ اسلام آباد محمد نوید خان کی عدالت نے کار سرکار مداخلت مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر شبلی فراز اور خیبر پختونخواہ کے سابق صوبائی صدر اعظم خان سواتی کے جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری عدالت میں حاضر ہونے پر منسوخ کردی ۔ ہفتہ کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ محمد نوید خان کی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران کارکنوں کی گرفتاری کرنے پر بنائے گئے مقدمہ کیس کی سماعت ہوئی ۔

پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر شبلی فراز اور سابق صوبائی صدر کے پی کے اعظم خان سواتی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل سابق صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نیاز اللہ خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

ابتدائی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ دھرنے کے دوران کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کو جیلوں میں بھیجا گیا جس پر بعد ازاں حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں پر کارسرکار مداخلت میں دفعہ427کے تحت مختلف مقدمات قائم کئے گئے ۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی اور شبلی فراز وغیرہ نے قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت کروالی تھی لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر عدالت نے حاضری دینے کیلئے تاریخ کا تعین نہیں ہوسکا جس پر عدالت کی جانب سے سینیٹر شبلی فراز ، اعظم خان سواتی اور سید رضا علی شاہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے جونہی عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری کا پتہ چلا پی ٹی آئی کے رہنما عدالت میں پیش ہوئے گئے ۔ نیاز اللہ خان نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ سینیٹر شبلی فراز ، اعظم خان سواتی ، سید رضا علی شاہ اور دیگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کیاجائے ۔

مختصر دلائل کے بعد عدالت نے پی ٹی آئی کے نو منتخب سینیٹر شبلی فراز ، اعظم خان سواتی کے عدالت میں پیش ہونے پر جاری ہونیوالے وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت اٹھارہ اپریل دو ہزار پندرہ تک ملتوی کردی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو دھرنے میں شرکت سے روکنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے مقدمہ نمبر 629/2014قائم کیا گیا تھا بعد ازاں پی ٹی آئی کارکنوں کوضمانتوں کیلئے عدالتوں میں پیش کیا گیا اور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں شبلی فراز ، علی اعوان ، فوزیہ قصوری ، عندلیب عباس اور سید رضا علی شاہ پر کارسرکار مداخلت میں مقدمہ بنایا گیا تھا جس پر نو منتخب سینیٹر شبلی فراز اور اعظم خان سواتی ،سید رضا علی شاہ نے اپنی درخواست ضمانت منظور کروالی تھی جس کے چالان بھی عدالت میں پیش کئے جاچکے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :