لورالائی: دہشتگردوں نے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا، ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو مسافر بسوں اور پولیس وین سے اتار کر قتل کیا، دہشتگردوں نے پولیس وین بھی بم دھما کے سے تباہ کر دی

ہفتہ 28 مارچ 2015 02:44

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء)لورالائی میں دہشتگردوں نے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو مسافر بسوں اور پولیس وین سے اتار کر قتل کر دیا۔ پولیس وین کو بم سے تباہ کر دیا گیا۔ حکا م کے مطا بق میختر کے مقام پر دہشتگردوں نے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف جانے والی دو مسافر بسوں کو روک لیا اور مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے۔

دہشتگردوں نے شناخت کے بعد تین پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا۔ جن میں ایس ایچ او تھانہ راڑا ہاشم طاہر، اے ایس آئی رفیق اورکانسٹیبل قیوم شامل ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق چند منٹ بعد دہشتگردوں نے ایک پولیس وین کو بھی روکا اور چار پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے وین کو دستی بم سے تباہ کر دیا۔ پولیس وین سے اغوا کیے گئے 4 اہلکاروں میں سے 3 کو قتل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

قتل ہونے والوں میں کانسٹیبل سرفراز، ظریف اور ڈرائیور حبیب اللہ شامل ہیں۔ پولیس موبائل پر حملے کے بعد حملہ آروں نے علاقے میں موجود لیویز کی چیک پوسٹ پر بھی راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملہ ریاست پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :