کراچی: پولیس کمانڈوز بس کے قریب دھماکا، دو افراد جاں بحق، پولیس اہلکاروں سمیت چودہ زخمی، دھماکے کا ہدف پولیس اہلکاروں کی بس تھی جس میں سوار 50 سے زائد اہلکار رزاق آباد تربیتی مرکز سے ڈیوٹی کے لیے بلاول ہاوٴس جا رہے تھے۔ پو لیس حکا م ،مبینہ پولیس مقابلے میں4 دہشت گرد ہلاک ، بھاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا

ہفتہ 28 مارچ 2015 02:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء)کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس کی بس کے قریب دھماکے سے 2افراد جا ں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ دھماکہ جمعے کی صبح لانڈھی میں قائد آباد مرغی خانے کے قریب ہوا ہے۔کراچی پولیس کے حکام کے حوالے سے کہا گیاہے کہ دھماکے کا ہدف پولیس اہلکاروں کی بس تھی جس میں سوار 50 سے زیادہ اہلکار رزاق آباد تربیتی مرکز سے ڈیوٹی کے لیے بلاول ہاوٴس جا رہے تھے۔

اس دھماکے میں 12 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنھیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔جناح ہسپتال کے شعبہ ہنگامی امداد کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،ایس ایس پی ملیر راو انوار کا کہنا ہے کہ دھماکے میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کی بس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بم موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے زرِیعے اڑایا گیا۔ ایس ایس پی ملیر راو انوارکے مطابق بس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ملیر پْل پر پہنچی دھماکے سے پولیس کی بس کوشدید نقصان پہنچا۔دھماکے کے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔۔خیال رہے کہ گذشتہ برس فروری میں بھی شدت پسندوں نے کراچی میں سندھ پولیس کے جوانوں کو لے جانے والی ایک بس کو نشانہ بنایا تھا اور اس حملے میں 11 اہلکار مارے گئے تھے۔

ادھرکراچی میں سپر ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلہ میں 4 دہشت گرد ہلا ک ہوگئے ،لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد سپر ہائی وے کے علاقے گلشن معمار میں عباس کٹ کے قریب دہشت گردوں نے پولیس گاڑی پر فائرنگ کر دی ،پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جو ایک گھنٹہ تک پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس کے نتیجے میں 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم طالبان سے ہے ، دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ چاروں دہشت گردوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے