بھا رت‘سلم ڈاگ ناول کے مصنف وزارت خارجہ کے نئے ترجمان مقرر، وکاس سوارپ کرشماتی ترجمان سید اکبر الدین کی جگہ اپریل میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے

ہفتہ 28 مارچ 2015 02:51

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء) اپنے پہلے ہی ناول سے عالم گیر شہرت حاصل کرنے والے سفارت کار وکاس سوارپ ہندوستانی وزارت خارجہ کے نئے ترجمان مقرر ہو گئے۔2005 میں ریلیز ہونے والے سوارپ کے مشہور ناول 'Q @ A' پر بننے والی فلم 'Slumdog Millionaire' نے 2009 میں بہترین فلم سمیت آٹھ مختلف آسکر ایوارڈ بھی جیتے۔وزارت خارجہ میں ایک ذرائع نے بتایا کہ سوارپ چار سال تک ترجمان رہنے والے کرشماتی ترجمان سید اکبر الدین کی جگہ اپریل میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

فارن سروس افسر سوارپ متعدد ملکوں میں انڈین ہائی کمیشن میں کام کر چکے ہیں۔ 2013 میں جاپان میں ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد وطن واپس لوٹنے کے بعد سوارپ اقوام متحدہ کے دہلی دفتر سے جڑے رہے۔2009 میں ایک انٹرویو کے دوران سوارپ نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں' لکھنے والا سفارت کار' بلائیں۔نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد سوارپ کو سخت چیلنجز کا سامنا ہو گا۔ وہ نا صرف خارجہ امور پر سرکاری موقف بتائیں گے بلکہ وقتاً فوقتاً میڈیا سے بھی رابطہ رکھنا ہو گا۔