پشاور،وزیر اعظم سے گورنر ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ،بلدیاتی الیکشن ،ترقیاتی منصوبے اور صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،بلدیاتی الیکشن میں (ن) لیگ بھر پور حصہ لے گی ،میرٹ پر پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے ،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے علاقوں میں ترقیاتی کام اور لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں ،وزیر اعظم کی ہدایت

جمعہ 27 مارچ 2015 09:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مارچ۔2015ء)وزیراعظم نواز شریف سے مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء ،سینیٹرز ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ،خیبر پختونخواہ میں پارٹی پوزیشن ،ترقیاتی منصوبے اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمعرات کے روز وزیر اعظم نواز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنر خیبر پختونخواہ پہنچے جہاں گورنر سردار مہتاب عباسی نے وزیر اعظم کا استقبال کیا،وزیر اعظم سے گورنر سردار مہتاب عباسی نے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف ،وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق،وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام اور وزیر اعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی بھی موجود تھے ۔

گورنر نے صوبے میں امن وامان کی صورت حال ،آپریشن ضرب عضب ،آئی ڈی پیز کے مسائل اور جنوبی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی بارے آگاہ کیا ،وزیر اعظم نے صوبے کی مجموعی امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئی ڈی پیز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم سے پارٹی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے میں پارٹی پوزیشن،ترقیاتی منصوبے اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم نے تمام پارٹی ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل پر توجہ دیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اس سلسلے میں پارٹی ارکان کو جلد از جلد فنڈز بھی مہیا کئے جائیں گے،وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر چنا جائیگا ۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے جو ہماری پارٹی کے منشور کا حصہ ہے،وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ میں بھی ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے ،ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر سردار یوسف، اقبال ظفر جھگڑا،صلاح الدین ترمزی ،دانیال عزیز،پیر صابر شاہ ،کیپٹن صفدر ،ڈپٹی سپیکر جاوید عباسی ،ڈاکٹر عباد اللہ،ارباب اکبر،سردار فرید ،میاں ضیاء الرحمن ،صوبیہ خان،عمر ایوب ،طاہرہ بخاری ،حبیب اللہ،خواجہ محمد خان ہوتی،عبد الستار،محمد شیراز،میا ں ضیاء الرحمن،سرزمین خان،ارسلان خان ،رحمت اللہ خٹک ،راجہ فیصل زمان ،صالح محمد ،سردار اورانگزیب اور دیگر ارکان اسمبلی موجود تھے