نواز شریف اور زرداری کی پارٹنر شپ کو ہم نے ختم کردیا ہے عمران خان ، آزادکشمیر کے فیصلے آزادکشمیر میں ہوں گے، ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے کہ ہر گاؤں کے لوگ اپنے فیصلے خود کریں، میرپور میں ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ کرتا ہوں، ہم ثابت کریں گے نواز شریف دھاندلی کرکے اقتدار میں آیا تھا،نشاء اللہ فتح ہماری ہوگی، جلد پاکستان میں الیکشن ہونے والے ہیں،میرپو رکے لوگوں سے کہتا ہوں آپ مجھے مایوس نہیں کریں گے، 29مارچ کو بیرسٹر سلطان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں، میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب

جمعرات 26 مارچ 2015 01:34

میرپور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مارچ۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے آزادکشمیر کے اندر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو نواز شریف اور زرداری کی مک مکا سیاست کو ختم کرنے کیلئے کھڑا کیا ہے۔ 29مارچ کو بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ خاص طور پر خواتین کو کہتا ہوں کہ وہ 29مارچ کو گھروں سے باہر نکلیں۔

اصل انقلاب خواتین ہی لاتی ہیں۔ آزادکشمیر کے اندر ہم اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ آزادکشمیر کے فیصلے آزادکشمیر میں ہوں گے۔ ہم ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے کہ ہر گاؤں کے لوگ اپنے فیصلے خود کریں۔ میرپور میں ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ کرتا ہوں۔ کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے مطالبے پر سنجیدگی سے سوچوں گا۔

(جاری ہے)

اگر ایسا ممکن ہوا تو اس کی تعمیر ضرور ہوگی۔

اس کے علاوہ میرپور کے لوگوں سے اس بات پر بھی وعدہ لیتا ہوں کہ آپ ایسے شخص کو ووٹ نہ دیں جس کی جائیداد اور جس کا پیسہ بیرون ملک پڑا ہو۔ نواز شریف زرداری کے اربوں روپے بیرون ملک پڑے ہیں جبکہ اقتدار یہ پاکستان میں کرتے ہیں۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ نواز شریف اور زرداری کی پارٹنر شپ کو ہم نے ختم کردیا ہے۔ میرپور کے لوگوں کا جنون اور ولولہ دیکھ کر اس بات کا یقین ہوگیا کہ 29مارچ کو بیرسٹر سلطان محمود چودھری واضح ووٹوں سے جیتیں گے۔

لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ خوف اور ڈر سے نکلیں۔ اپنے حقوق کو چھین کر لیں۔ میں میرپور کے لوگوں سے 40سال سے مل رہا ہوں۔ میرپور کے لوگوں نے برطانیہ میں جا کر محنت مزدوری کی۔ اپنے خون پسینے کی کمائی یہاں بھیجتے ہیں۔ جبکہ یہاں پر ایک کرپٹ مافیا اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھا ہوا ہے جو ملکی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ نہیں ہونے دیتا جس کے نتیجے میں غریب‘ غریب سے غریب تر ہورہے ہیں۔

ہم اس فرسودہ نظام کو ختم کریں گے۔ پولیس کا نظام بہتر کریں گے تاکہ پولیس سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد ہو کر اپنے فرائض منصبی ادا کرے۔ پاکستان میں جوڈیشل کمیشن بننے والی ہے۔ ہم ثابت کریں گے کہ نواز شریف دھاندلی کرکے اقتدار میں آیا تھا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ دھاندلی کی تحقیقات ہونے جا رہی ہے۔ انشاء اللہ فتح ہماری ہوگی اور جلد پاکستان میں الیکشن ہونے والے ہیں۔

میرپو رکے لوگوں سے کہتا ہوں کہ آپ مجھے مایوس نہیں کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار عمران خان نے میرپور میں کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے ایک بہت بڑے عظیم الشان انتخابی جلسے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میرپور کا یہ جلسہ قائد اعظم اسٹیڈیم میں انعقاد پذیر ہوا جس میں لوگوں کی تعداد ہزاروں میں نہ تھی بلکہ لاکھوں میں تھی۔

قائد اعظم اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کی چاروں اطراف کی سڑکات پر لوگوں کااس قدر ہجوم تھا کہ تاحد نظر انسانوں کے سر نظر آرہے تھے۔ سڑکوں پر چلنا تو درکنار، کھڑا ہونا مشکل تھا۔ جلسہ کے اختتام پر پورے شہر میں ٹریفک جام ہوگیا۔ انتخابی جلسے سے کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمودد چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مجید حکومت،سندھ حکومت، پنجاب حکومت تمام تر وسائل کے ساتھ میرپور کے اندر تحریک انصاف کے مدِ مقابل ہیں۔

48دنوں سے آزادکشمیر کا وزیراعظم امور حکومت کو چھوڑ کر اپنے امیدوار کی انتخابی مہم چلا رہا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران لوگوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ پیسے، عہدے اور سرکاری وسائل کا استعمال کرکے ووٹ خریدے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود مخالفین کے قدم جم نہیں پا رہے کیونکہ میرپو رکے غیور لوگوں نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ میرپور کے سپوت کا سیاسی قتل نہیں ہونے دیں گے۔

میں نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور یورپی ممالک پر مودی کا گھناؤنا کردار بے نقاب کیا اس لیے بھارتی وزیراعظم مودی بھی مجھے ہرانا چاہتا ہے۔ 29مارچ کو ہونے والا ضمنی الیکشن آزادکشمیر کی آئندہ سیاسی نقشے کا تعین کرے گا۔ آج جس ولولے اور جس جوش سے اہلیان میرپور نے میرے قائد عمران خان کا استقبال کیا ہے۔ اُس پر میرپور کے لوگوں کا مشکور ہوں۔

عمران خان کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ آزادکشمیر کے اندر اب سونامی کا رستہ کوئی روک نہیں سکتا۔ ہم عمران خان کی قیادت میں آزادکشمیر کے اندر اقتدار پر قابض چوروں، ٹھگوں اور لٹیروں کا کڑا احتساب کریں گے۔ جلسہ سے سینئر وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 29 مارچ کو ووٹوں کی صندوقڑیاں ایسے بھر دیں جیسے ساون کی بارش منگلا ڈیم کو بھر دیتی ہے۔

آج میرپور کے اندر آکر عوام کے تیور دیکھ کر پتہ چلا کہ بیرسٹر سلطان محمود چودھری الیکشن جیت چکا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی جیت اصل میں کرپشن سے لتھڑے ہوئے حکمرانوں کی شکست کا اعلان ہوگی۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی آزادکشمیر کے اندر کامیابی کے بعد سونامی پورے آزادکشمیر میں پھیل جائے گا۔ تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم برسرِ اقتدار آکر نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع مہیا کریں گے۔

میرپور کے فیصلے اسلام آباد کے ٹھنڈے کمروں میں نہیں ہوں گے۔ بلکہ میرپور کے فیصلے میرپور میں ہونگے۔ تحریک انصاف برسرِ اقتدار آکر غریب لوگوں کی حالت زار بدل ڈالے گی۔ تحریک انصاف آزادکشمیر کے چیف آرگنائزر چودھری ظفر انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس انداز میں میرپور کے لوگوں نے عمران خان کا استقبال کیا ہے اُس کی مثال آزادکشمیر کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ہمارے مخالفین سونامی کا طوفان دیکھ دلیں۔ اسی طوفان میں کرپشن کے محلات غرقاب ہوں گے۔ 29مارچ کو بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی کامیابی میں اب کوئی شق و شبہ باقی نہیں بچا۔ انتخابی جلسے سے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، جہانگیر ترین سرور، اعظم سواتی، سردار امتیاز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔