لاہور،سیشن کورٹ کے احاطہ میں دو متحارب گروپوں میں ہاتھا پائی،ایک گروپ کے مشتعل افراد نے مخالف گروپ کے شخص کے سر اور منہ پر بال صفا کریم لگا کر اس کے تمام بال صاف کر دیئے

بدھ 25 مارچ 2015 07:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء) سیشن کورٹ کے احاطہ میں دو متحارب گروپوں میں ہاتھا پائی ہو گئی۔ ایک گروپ کے مشتعل افراد نے مخالف گروپ کے تاریخ پیشی پر آئے شخص کے سر اور منہ پر بال صفا کریم لگا کر اس کے تمام بال صاف کر دیئے ۔سیکورٹی اہلکاروں نے فریقین پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بازار حکیماں اندرون بھاٹی گیٹ کا رہائشی فخرالدین گزشتہ روز اپنے خلاف اقدام قتل کے الزام میں درج تھانہ اکبری گیٹ کے مقدمہ نمبر465/13 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تجمل حسین کی عدالت میں تاریخ پیشی پر آیا تو اس کے مخالفین وقاص وغیرہ بھی وہاں آگئے جنہوں نے عدالت کے باہر کھڑے فخر الدین کو پکڑ کر اس کے منہ اور سر پر بال صفا کریم لگادی جس سے دیکھتے ہی دیکھتے فخرالدین کے سر کے بال ، داڑھی، مونچھیں اور بھنویں صاف ہو گئیں ۔

اس کے بعد فخر الدین اور اس کے مخالفین ایک دوسرے کے دست و گریبان ہو گئے۔ شور کی آواز سن کر سیکورٹی اہلکار بھی آ گئے جنہوں نے انہیں قابو کرکے تھانہ اسلام پورہ پولیس کے حوالے کردیا ۔

متعلقہ عنوان :