عزیز بلوچ کو دبئی سے لانے والی کراچی پولیس کی ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس پہنچ گئی، دبئی حکام نے آئندہ ماہ عزیز بلوچ کی حوالگی کی یقین دہانی کرا دی

بدھ 25 مارچ 2015 07:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء) لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیز بلوچ کو دبئی سے لانے والی کراچی پولیس کی ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس پہنچ گئی ہے ۔ دبئی حکام نے آئندہ ماہ عزیز بلوچ کی حوالگی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز عزیز بلوچ کے دبئی سے لانے کے لئے جانے والی ٹیم ڈیڑھ ماہ گزارنے کے بعد خالی ہاتھ وطن واپس پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی خواجہ نوید سمیت 2 پولیس آفیسران نے دبئی میں ڈیڑھ ماہ تک قیام کیا اور تمام دستاویزات مکمل ہو نے کے بعد عدالت کی یقین دہانی پر وطن واپس آ گئے ہیں ۔ دبئی عدالت نے عزیز بلوچ کی حوالگی کے لئے پاکستانی پولیس کی تمام دستاویزات درست قرار دیئے ہیں اور آئندہ ماہ عزیز بلوچ کو پولیس کے حوالے کرنے کی یقینی دہانی کرا دی ہے جبکہ عزیز بلوچ کے علاوہ 2 اور نادہندگان جو پاکستانی پولیس اور ایف آئی اے کو مطلوب ہیں عزیز بلوچ کے ساتھ ان کی حوالگی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں کراچی پولیس کے آفیسران دبئی واپس جائیں گے اور جہاں عزیز بلوچ سمیت 2 مطلوب افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :