ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ ایک ارب ڈالر قرضہ کی بات چیت جاری ہے‘ سید طلعت محمود،قرض کو زرعی شعبے کی ترقی اور شمسی توانائی کے حصول کیلئے استعمال کیا جائے گا‘ صدر زیڈ ٹی بی ایل کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ

بدھ 25 مارچ 2015 07:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے صدر زرعی ترقیاتی بینک سید طلعت محمود نے بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ ایک ارب ڈالر قرضہ کی بات چیت جاری ہے جسے زرعی شعبوں کی ترقی اور شمسی توانائی کے حصول کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ سابق ادوار مین سیاسی بنیادوں پر دیئے جانے والے 6.7 ارب روپے کے قرضوں میں سے ابھی تک 3.3 ارب روپے واجب الادا ہیں کے کیسز ابھی تک عدالتوں میں چل رہے ہیں تاہم ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد ریکوری کرسکیں۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس عمر ایوب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے زرعی ترقیاتی بینک کے حکام نے بتایا کہ ہمارے پاس پیسوں کی کمی کی وجہ سے ہم مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ماضی میں سیاسی بنیادوں پر قرصہ جات جاری کیے گئے ہیں جن کے حصول کیلئے ہم کوششیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

زرعی ترقیاتی بینک نے چھوٹے کسانوں کیلئے مختلف سکیمیں شروع کر رکھی ہیں۔

جن میں سولر ٹیوب ویل کی سکیم سب سے اہم ہے کیونکہ بجلی کے بحران کی وجہ سے سولر ٹیوب ویل ایک اہم متبادل کے طور پر سامنے آرہا ہے اس موقع پر چیئرمین کمیٹی عمر ایوب خان نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیوب ویل پر سبسڈی دے رہی ہے سولر ٹیوب ویل بجلی کے متبادل کے طور پر کافی فائدہ مند ثابت ہوں گے کمیٹی کی ممبر نفیسہ شاہ نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی شاخیں پنجاب میں کھولی جارہی ہیں تو کیوں نہ اس کو پنجاب ترقیاتی بینک رکھ دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں صنعت کاروں کی بجائے کسانوں کو شامل کیا جائے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ زونل دفاتر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔ کمیٹی کے ممبر سید نوید قمر نے کہاکہ بینک قرضہ کے حصول کیلئے جو زمین گروی رکھتا ہے تو اس قانون میں ریفارمز کی ضرورت ہے کیونکہ لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے سید نوید قمر نے کہا کہ آپ پانچ لاکھ لون کے بجائے 25 لاکھ کی رقم یا زمین گروی رکھ دیتے ہیں جو اس قانون کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے صدر زرعی ترقیاتی بینک کے حکام کو ہدایت کی کہ اگلی میٹنگ میں زیڈ ٹی بی ایل کے درپیش مسائل‘ زرعی ترقی کے لئے منصوبوں اور دیگر ضروریات کی تفصیلی بریفنگ پیش کریں اور خصوصی طور پر چھوٹے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے منصوبے سامنے لائیں۔