ایم کیو ایم کو کالعدم جماعت قرار دینے اور اس کے رہنماؤں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں آج آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی

بدھ 25 مارچ 2015 07:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء)ایم کیو ایم کو کالعدم جماعت قرار دینے اور اس کے رہنماؤں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں آج آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔معروف قانون دان طارق اسد ایم کیو ایم کے خلاف آئینی پٹیشن دائر کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گیارہ مارچ کو رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران نائن زیرو سے غیرملکی اسلحہ اور خطرناک ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری اورصولت مرزا و عامر خان کی جانب سے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں پر سنگین الزامات کے تناظر میں سپریم کورٹ کے سینئروکیل طارق اسد نے متحدہ قومی مومنٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

طارق اسد ایم کیو ایم کے خلاف آئینی پٹیشن آج بدھ کو لیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002کے تحت دائر کریں گے۔پٹیشن میں ایم کیو ایم کو کالعدم جماعت قرار دینے اور جن رہنماؤں پر صولت مرزا و عامر خان نے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی استدعا کی جائے گی۔