ملک بھر میں 75 واں یوم پاکستان جوش اور جذبے سے منایا گیا،اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ،دارالحکو مت میں 31 جبکہ صو با ئی دارالحکو متو ں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ،ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہریوں میں تقریبات ، مسا جد میں ملکی سلا متی کے لئے خصو صی دعا ئیں ،مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی‘ کراچی میں مزار قائد پر مختلف عوامی عسکری نمائندوں نے حاضری دی

منگل 24 مارچ 2015 10:00

اسلام آباد،مظفر آباد، کرا چی ، لا ہو ر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مارچ۔2015ء )آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں 75 واں یوم پاکستان جوش اور جذبے سے منایا گیا‘ اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ‘ دارالحکو مت میں 31پشاور میں جناح پارک میں 21 توپوں کی سلامی ‘ لاہور میں برکی روڈ پر 21 توپوں کی سلامی ‘ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی‘ کراچی میں مزار قائد پر مختلف عوامی عسکری نمائندوں نے حاضری دی ۔

تفصیلات کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہریوں میں تقریبات منعقد کی گئی اور ملی نغمے پیش کئے گئے۔اسلام آبادمیں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے‘ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر مملکت کو سلامی پیش کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف بھی سلامی کے چبوترے پر صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔

پشاور کے جناح پارک میں یوم پاکستان کے موقع پر 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ لاہور میں برکی روڈ پر 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔کراچی میں مزار قائد پر سیاسی و عسکری قیادت کی حاضری‘ وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی مزار قائد پر حاضری فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ ڈپٹی ڈی جی رینجرز نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے گئے اور پاکستان اور مسلح افواج کی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔علاوہ ازیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یوم پاکستان کی تقاریب منعقد ہوئیں۔