آئین کسی سیاسی جماعت کو عسکری ونگز قائم کر نے کی اجاز ت نہیں دیتا،رانا ثناء اللہ ، کراچی آپریشن کو غلط رنگ دینا ایم کیو ایم کیلئے مناسب نہیں، گرفتار ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کیساتھ پورا انصاف ہوگا،کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر نہیں بنانے تک میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن جاری رہے گا ،میڈیا سے بات چیت

پیر 23 مارچ 2015 09:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء)سابق صوبائی وزیر قانون اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک کا آئین کسی سیاسی جماعت کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ اپنی جماعت میں ایسے ونگ قائم کرے جو لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہو۔انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کو غلط رنگ دینا ایم کیو ایم کیلئے مناسب نہیں،جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے ساتھ پورا انصاف ہوگا،کراچی میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر نہیں بنایا جاتا۔

سابق صوبائی وزیر نے یہ بات فیصل آباد زرعی یونیورسٹی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کچھ ایسے افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں جو نہ صرف مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں بلکہ انہوں نے بے گناہ لوگو ں کا خون کیا ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہوزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے دیگر اداروں کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کئے بغیر وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت کو مسلسل کامیابیاں مل رہی ہیں جس کا ثبوت اس بات سے عیاں ہے کہ وزیرستان میں دہشتگردوں کا کافی حد تک صفایا کیا جاچکا ہے اور ان کا نہ صرف نیٹ ورک توڑا گیا بلکہ ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے تھے۔انہوں نے کہا کہ جو مہاجرین وزیرستان سے صوبہ خیبرپختونخوا آئے تھے انہیں واپس بھجوانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور انشاء اللہ ملک بھر میں دہشتگردی کی لعنت کو ہمیشہ سے پاک کرکے ایک نیا پاکستان جو نئی نسل کے مستقل کیلئے بہتر ہووہ حاصل ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کراچی کا آپریشن تمام سیاسی جماعتوں اور خاص کر ایم کیو ایم کی ڈیمانڈ پر شروع کیا گیا تھا اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس آپریشن کے دوران کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی،چنانچہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایسا ہی کیا جارہا ہے اور کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی،حکومت کی خواہش ہے کہ کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بن سکے بلکہ وہاں کا ہر شہری اپنا کاروبار زندگی اور دیگر کام معمول کے مطابق بلاخوف وخطر کرسکیں