شامی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ،عملے کے چار ارکان گرفتار ،ایک کو ہلاک کردیا گیا

پیر 23 مارچ 2015 09:09

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء)شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں اسدی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ گیا ہے۔باغی جنگجووٴں نے اس ہیلی کاپٹر کے عملے کے چار ارکان کو زندہ حالت میں گرفتار کر لیا ہے اور پانچویں کو مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اتوار کو اطلاع دی ہے کہ ''شمال مغربی صوبے ادلب کے علاقے جبل الزاویہ میں شامی فوج کے اس ہیلی کاپٹر کو زبردستی اتار لیا گیا ہے۔

اس میں سوار عملے کو چار ارکان کو اسلامی جنگجووٴں نے گرفتار کر لیا ہے اور پانچویں کونزدیک واقع ایک گاوٴں میں مسلح افراد نے ہلاک کردیا ہے''۔آبزرویٹری نے اس واقعے کی بعض تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ایک تصویر میں ایک پہاڑی پر تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ پڑا ہے اور اس کے ارد گرد لوگ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں فوجی وردی میں ملبوس بہت سے مسلج جنگجو بھی نظر آرہے ہیں۔

شام کے سرکاری ٹیلی ویڑن نے ادلب میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہے اور اس کے عملے کی تلاش کا کام جاری ہے۔آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان کے مطابق اس ہیلی کاپٹر کے عملے کے دو ارکان کو شام میں القاعدہ سے وابستہ تنظیم النصری محاذ کے جنگجووٴں نے گرفتار کیا ہے اور دو کو ایک اور نامعلوم اسلامی گروپ نے پکڑ لیا ہے۔

عملے کے ایک اور رکن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ وہاں سے بھاگ جانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ شامی فوج ہیلی کاپٹروں کو داعش ،القاعدہ یا دوسرے باغی جنگجووٴں پر بیرل بم برسانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔گذشتہ چار سال سے جاری جنگ کے دوران شامی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوچکے ہیں یا جنگجووٴں نے انھیں مار گرایا ہے۔

متعلقہ عنوان :