یوم پاکستان آج بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا ،وفاقی دارالحکومت میں 31 ، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپو ں کی سلامی سے دن کا آغاز ہو گا، سات سال بعد مسلح افواج کی پر یڈ کا انعقا د ، صدر مملکت ممنون حسین پریڈ کا معائنہ کر یں گے ، سیکیو رٹی کے سخت انتظا ما ت

پیر 23 مارچ 2015 08:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء) یوم پاکستان آج پیر کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا خصوصی دن پر ملک میں امن و امان و خوشحالی کے لئے مساجد اور عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیہ تقریبات ہوں گے ، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہو گا ۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر قوم پرچم لہرائے جائیں گے ۔

یوم پاکستان کے مو قع پر سات سال بعد مسلح افواج کی پر یڈ کا انعقا د کیا جا رہا ہے ۔ پریڈمیں پاک آرمی ، بحریہ ، فضائیہ اور ایف سی کے دستے شریک ہوں گے ۔ صدر مملکت ممنون حسین پریڈ کا معائنہ کریں گے ۔ خواتین فوجیوں کا دستہ بھی پریڈ میں شریک ہو گا ۔ پریڈ میں چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کے لئے فلوٹ ہوں گے جن پر علاقائی رقص ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ایس ایس جی کمانڈوز ، لائٹ انفنٹری ، کمانڈو بٹالین ، میکنائزڈ انفنٹری یونٹ بھی پریڈ میں شامل ہیں ۔ آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیلی کاپٹرز جن میں بیل ، ایم آئی 17 ، کوبرا گن شپ ، پوما ہیلی کاپٹرز پریڈ میں شریک ہوں گے ۔ پاک فضائیہ کے جدید طیارے خصوصا جے ایف تھنڈر 17 ۔ طیارے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں ایئرفورس کے طیاروں میں جدید ترین ایف 16 طیارے ، ایف 7 ، ایف 7 پی جی اور دیگر جدید جہاز فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے ۔

اس فلائی پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے نئے سربراہ چیف مارشل سہیل امان کریں گے ۔ سٹرٹیجک پلاننگ ڈویژنز کے دستے پریڈ میں شریک ہیں ۔ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل رعد ، نصر ٹینک الضرار اور الخالد بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے ادھر فورسز نے 23 مارچ کی پریڈ کو محفوظ بنانے کے لئے آپریشن تیز کر دیا کئی شہروں سے متعدد مشبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ ہے کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کر کے جیل روڈ ، منو جان روڈ ، سبزل روڈ سے 25 افرا کو حراست میں لے لیا ، لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد گرفتار کئے گئے ادھر راولپنڈی میں سیکیورٹی اداروں نے ہوٹلوں کو خالی کرانا شروع کر دیا۔

حکام نے ہوٹل مالکان کو تین روز تک کسی مسافر کو ہوٹل میں نہ ٹھہرانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں ۔ دوسری طرف پریڈ ایونیو آنے والی تمام اہم شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہیں ۔ راولپنڈی میں پولیس کا سرچ آپریشن 25 ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی ۔ 3موٹر سائیکلوں کو قبضہ میں لے کر 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے بتایا کہ پریڈ کے موقع پر ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اس موقع پر فیض آباد سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے لئے ٹریک مکمل طور پر بند کر دی جائے گی تقریب کے دوران راولپنڈی مری روڈ سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک ڈبل چوک سے ہوتی ہوئی سٹیڈیم روڈ سے 9th ایونیو اسلام آباد جائے گی جبکہ کورال چوک سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر آنے والی ٹریفک کھنہ پل سروس روڈ سے ہوتے ہوئے شمس آباد سے براستہ سٹیڈیم روڈ 9th ایونیو سے راولپنڈی داخل ہونے والی ٹریفک سٹیڈیم روڈ کے بجائے آئی جے پی روڈ استعمال کرتے ہوئے ناکہ کٹاریاں ، پنڈورہ چونگی اور ناکہ کیرج فیکٹری سے ہوتے راولپنڈی میں داخل ہو گی ۔