کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق تک تحریک آزادی جاری رہے گی ،مشن کی تکمیل کے لئے کسی بھی بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ،شہداء کی قربانیوں سے کسی کو بھی غداری نہیں کرنے دیں گے ،کشمیری قیادت کے یوم پاکستان پر پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کے نام تہنیتی پیغامات

اتوار 22 مارچ 2015 10:13

سرینگر،مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مارچ۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے حکومت اور پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کشمیری عوام کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیر کے پاکستان سے الحاق تک تحریک آزادی کشمیر جاری رہے گی اور اس مشن کی تکمیل کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان عوام اور حکومت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا محور ہے کشمیری ریاست کا الحاق پاکستان ہے چاہے کہیں جس طرح جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے شہداء کی قربانیوں سے کسی کو بھی غداری کی اجازت نہیں ہو گی ۔

حریت رہنما فریدہ بہن جی نے اپنے پیغام میں پاکستان کی عوام اور حکومت کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ریاست کا الحاق پاکستان سے چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے جدوجہد شرو ع کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے بھارت پر عالمی سطح پر دباؤ بڑھانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم پاکستان پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کشمیر کا پاکستان کے الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہو سکتے ۔

بھارت ظلم و تشدد اور طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کی جدوجہد کو کچلنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عوام کی منزل اب بہت قریب ہے اور وہ بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کر کے ہی دم لیں گے ۔ سید صلاح الدین نے پاکستان کی عوام اور حکومت کا کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا ۔