مستقبل بدلنے کے لیے دہائیوں بعد ایک بڑا موقع ملا ہے‘امریکی صدر، امریکہ اور ایران ایک مختلف مستقبل کے حصول کے لیے کوشش کریں، بار اک اوباما

ہفتہ 21 مارچ 2015 08:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مارچ۔2015ء)امریکی صدر بار اک اوباما نے ایرانی عوام سے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو اپنے باہمی تعلقات کی شکل بدلنے کے لیے ایک بڑا موقع ملا ہے اور انھیں ایک مختلف مستقبل کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ اوباما نے یہ تجویز جمعے کو ایرانی حکومت اور عوام کے نام نئے ایرانی سال کے آغاز پر منائے جانے والے تہوار ’نوروز‘ کے تہنیتی پیغام میں دی ۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں میں ہمارے پاس یہ موقع آیا ہے کہ امریکہ اور ایران دونوں ممالک کے لیے ایک مختلف مستقبل کے حصول کے لیے کوشش کریں۔امریکی صدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں تسلیم کیا کہ اس وقت ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے جاری مذاکرات میں کسی حد تک خلا موجود ہے تاہم انھوں نے اس امید کا اظاہر بھی کیا کہ اسے پر کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو مسئلے کے حل کے لیے ملنے والے ’ایک تاریخی موقع کو کھونا نہیں چاہیے۔ اوباما نے کہا کہ ایران کے رہنماوٴوں کی ایک مناسب معاہدے پر رضامندی کی صورت میں ایران خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے اور اگر معاہدہ طے نہ پایا تو اس کے نتیجے میں ایران تنہا ہو جائے گا۔یاد رہے کہ ایران کی جانب سے کسی معاہدے پر رضامندی کے باوجود براک اوباما کو ابھی ممکنہ معاہدے کی خاصیت کی بِنا پر امریکی کانگرس کو اس کے لیے قائل کرنا ہے۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ بہت سے امریکی قانون ساز ایران پر عائد پابندیوں کو نرم کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :