ایک بار پھر بھارت کا سامنا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ، مقابلہ ہوا تو تاریخ بدل دینگے ، مصباح الحق ،اگر آسٹریلیاکو کوارٹر فائنل میں شکست دے دی تو ایسی ٹیم کے لئے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دینا کوئی دقت کی بات نہیں ہوگی ،مثبت سوچ کے ساتھ گراوٴنڈ میں اْتریں گے اور اس بات کو غلط ثابت کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 مارچ 2015 08:27

ایڈیلیڈ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء) پاکستانی کپتان مصباح الحق نے پْر عزم ہوکر کہا ہے کہ ایک بار پھر بھارت کا سامنا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں کیونکہ یہ اس بات کوغلط ثابت کرنے کا ایک اور موقع ہوگا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو ہم شکست نہیں دے سکتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا سے مدمقابل ہو گا جہاں فتح کی صورت میں پاکستان کا سیمی فائنل میں ممکنہ طور پر روایتی حریف ہندوستان سے سامنا ہو گا جسے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش جیسے نسبتاً آسان حریف سے ٹکرانا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مثبت سوچ کے ساتھ گراوٴنڈ میں اْتریں گے اور اس بات کو غلط ثابت کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان روایتی حریف بھارت کو نہیں ہرا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھر پور حوصلے کے ساتھ میچ میں شریک ہوں گے اور انجرڈ باوٴلر محمد عرفان جو کہ اب ورلڈ کپ میں شریک نہیں، کا ٹیم کا حصہ نہ ہونے کے باوجود فتح کے لئے پْر امید ہیں۔

کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کو ہرا چکی ہے، اگر آسٹریلیاکو کوارٹر فائنل میں شکست دے دی تو ایسی ٹیم کے لئے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دینا کوئی دقت کی بات نہیں ہوگی۔ہندوستانی ٹیم کے حوالے سے کپتان کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپیئن ہے اور تین ماہ سے آسٹریلیا میں اس اہم ٹورنا منٹ کی تیاریاں کر رہی ہے جس کے سبب اسے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے کا موقع ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کی وجہ سے ہندوستان ٹیم پْر اعتماد ہے اور تجربہ کار مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں بہت سے کھلاڑی خاصہ تجربہ حاصل کر چکے ہیں۔قومی کپتان کا کہنا ہے کہ لگا تار چار فتوحات نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کیا ہے اور میں اپنے آخری ورلڈ کپ کا فتح کے ساتھ اختتام کرنا چاہتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :