عمران خان کی وجہ سے گھبرانے والا نہیں ، مجھے ضرور انصاف ملے گا ، سردار ایاز صادق ، سیاسی دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، عمران نے اب تک دھاندلی کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے ،رضا ربانی کے ساتھ مل کر جمہوریت کیلئے کام کرینگے، سپیکر قومی اسمبلی کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 19 مارچ 2015 08:53

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان این اے 122 میں اب تک ٹربیونل کے سامنے کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکے مجھے سیا سی دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، عمران خان ٹربیونل کے سامنے پیش بھی نہیں ہوئے ۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی کے ساتھ مل کر جمہوریت کیلئے کام کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی لابی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود بیمار تھے جنہوں نے دھاندلی کی اطلاع دی وہ خود بھی پیش نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب تک این اے 122 میں ٹربیونل کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے تصدیق کے مرحلے میں میرے حلقے میں میرے ووٹوں کی تعداد میں 1300 کا اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے میری لیڈ میں اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کو اس بات کا اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ وہ بغیر ثبوت کے حلقے کھول دیں ایسا ہی میرے ساتھ ہوا ہے مجھے بغیر ثبوت کے سیاسی دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے ممبران کے استعفوں کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی اگر کوئی ممبر کوئی تحریک لے کر آتا ہے تو اس پر ممبران ووٹ دینگے اور قانونی طور پر آئین کے مطابق ان کے استعفوں کے معاملے کو دیکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ حلقہ 122میں انگوٹھوں کی تصدیق پر پہلے ہی بیان دے چکا ہوں اور میں بے ہوش بھی ہوجاؤں تو وہ بیان دوں گا جو پہلے دیا تھا انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کی وجہ سے گھبرانے والا نہیں مجھے انصاف ضرور ملے گا سینٹ اور قومی اسمبلی مل کر جمہوریت کے لیے کام کرینگے رضا ربانی جمہوریت کے حامی ہیں ضرور تعاون کرینگے ۔