کوئٹہ،محکمہ داخلہ بلوچستان کا گرجا گھروں اور مندروں کی سیکورٹی کا ازسر نو جائزہ ،اقلیتی برادری کی17 مذہبی عبادت گاہوں کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا

منگل 17 مارچ 2015 09:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مارچ۔2015ء)محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے گرجا گھروں اور مندروں کی سیکورٹی کا ازسر نو جائزہ لیتے ہوئے اقلیتی برادری کی17 مذہبی عبادت گاہوں کو انتہائی حساس قرار دے دیا سیکرٹری داخلہ اکبرحسین درانی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”خبر رساں ادارے“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یوحناآباد واقعہ کے بعد محکمہ داخلہ بلوچستان نے گرجا گھروں اور مندروں کی سیکورٹی کا ازسر نو جائزہ لیتے ہوئے ایک گرجا گھر کو انتہائی حساس جبکہ 34 کو حساس قرار دیا ہے مجموعی طورپر یہاں 60 گرجا گھر موجود ہیں جن کی سیکورٹی کا ازسرنوجائزہ لیا گیا انہوں نے کہا کہ یہاں موجود ہندؤ برادری کی 76 عبادت گائیں موجود ہیں جن میں سے 16 انتہائی حساس جبکہ 39 کو محکمہ داخلہ کی جانب سے حساس قرار دیاگیا ہے ہم یہاں آباد اقلیتوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں ماضی میں پشاور گرجا گھر پر حملے کے بعد صوبہ بھر میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر سیکورٹی انتظامات کو سخت کر دیا گیا تھا اور اس وقت بھی اقلیتی برادری کی تمام عبادت گاہوں کی سیکورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ہے ۔