وزیر اعظم کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ،ن لیگ کے صوبائی رکن وجیہ الزمان کی رکنیت ختم کرنے کی درخواست ،وجیہ الزمان نے سینیٹ الیکشن میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ، مس کنڈیکٹ پر پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے ،خط کا متن ،سپیکر صوبائی اسمبلی وجیہ الزمان کے خلاف ریفرنس بھیجیں تو کارروائی ممکن ہے،الیکشن کمیشن

اتوار 15 مارچ 2015 09:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مارچ۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے اوررکن خیبر پختونخواہ اسمبلی وجیہہ الزمان کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کی درخواست کی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز وزیراعظم نے بطور مسلم لیگ (ن) صدر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو خط لکھا ہے ،خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر خیبر پختونخواہ اسمبلی سے منتخب ہونیوالے وجیہہ الزمان کی اسمبلی رکنیت کو فوری طور پر ختم کیا جائے ،خط میں مزید موقف اختیا ر کیا کہ وجیہہ الزمان نے سینیٹ انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور مس کنڈیکٹ پر پارٹی رکنیت ختم کر دی گئی ہے لہذا وجیہہ الزمان کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم کے خط پر موقف اختیار کیا کہ سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی کی جانب سے ریفرنس موصول ہونے کے بعد وجیہہ الزمان کے خلاف کارروائی کا مجاز ہے جب ریفرنس موصول ہوگا تو وجیہہ الزمان کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی