گھٹنوں کے بل جھک کر سنگاکارا سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیل کی تھی ، انجیلو میتھیوز کا انکشاف

جمعہ 13 مارچ 2015 08:31

ہوبارٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء) سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز نے انکشاف کیا کہ انھوں نے گھٹنوں کے بل جھک کر کمار سنگاکارا سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی تھی۔سینیئر بیٹسمین نے گذشتہ روز ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری بنا کر ایک روزہ کرکٹ میں لگاتار چار سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

سنگاکارا نے اس ٹورنامنٹ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

میتھیوز نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ میں نے گھٹنوں پر بیٹھ کر سنگاکارا سے کہا تھا کہ وہ ریٹائر نہ ہوں،مگر یہ ان کا فیصلہ اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔سری لنکن کپتان نے کہا کہ سنگاکارا نے جتنی مرتبہ بھی اپنے ملک کی نمائندگی کی اس پر بھی ہم ان کے شکر گزار ہیں۔واضح رہے کہ سنگاکارا نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں ہی ورلڈ کپ میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے کا آسٹریلین وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔سری لنکن وکٹ کیپر نے اب تک ورلڈ کپ میں وکٹوں کے پیچھے 54 شکار کیے ہیں جبکہ گلکرسٹ نے 52 شکار کیے تھے۔