کراچی آپریشن پرخوش ہوں ،رینجرزکومعلومات ملی ہیں توچھاپہ ماراگیا،عمران خان ،کراچی کے لوگ پاگل ،الطاف حسین سے تنگ ہیں ،بہت سے اچھے لوگوں سے رابطے ہیں ،الطاف حسین خود23سال سے موت سے ڈرکرلندن بیٹھاہے اورکراچی میں لوگوں کومروارہاہے ،نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 13 مارچ 2015 08:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ کراچی آپریشن پرخوش ہوں ،رینجرزکومعلومات ملی ہیں توچھاپہ ماراگیا،کراچی کے لوگ پاگل ،الطاف حسین سے تنگ ہیں ،بہت سے اچھے لوگوں سے رابطے ہیں ،الطاف حسین خود23سال سے موت سے ڈرکرلندن بیٹھاہے اورکراچی میں لوگوں کومروارہاہے ۔نجی ٹی وی کودیئے گئے انٹرویومیں عمران خان نے کہاکہ حکمران کوپتہ ہے کہ کراچی میں کیاہورہاہے ،لیکن ان لوگوں کوملک سے نہیں بلکہ اپنے اقتدارسے غرض ہے ،کیونکہ یہ اقتدارکاکاروبارکرتے ہیں اورپیسہ بنانے آتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قانون سب کیلئے برابرہوناچاہئے ،دہشتگردکاتعلق کسی سیاسی جماعت سے ہویاپھروہ مذہبی رنگ میں ہواس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ،کراچی میں رینجرزکے آپریشن پرخوش ہوں ،رینجرزکومعلومات ملی ہوں گی توچھاپہ ماراگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آل پارٹیزکانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کوآپریشن کامینڈیٹ دیاہے اورسب نے مل کرفوج کواختیارات دیئے ہیں ،دہشتگردی کے خلاف یکساں اوربلاامتیازکارروائی ہونی چاہئے ۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین ایک پاگل شخص ہے جولندن میں بیٹھ کر3،تین گھنٹے تقریریں کرتاہے اورلوگ خاموشی سے سنتے ہیں ،یہ لوگ ڈرکے مارے بیٹھے رہتے ہیں ،حتیٰ کہ میڈیابھی خوف کی وجہ سے گھنٹوں تک تقریریں دکھاتاہے ،کراچی کے لوگ الطاف حسین سے تنگ آچکے ہیں ،وقت آگیاہے کہ کراچی کوآزادکرایاجائے ،عمران خان نے کہاکہ الطاف حسین ایک بزدل شخص ہے جو23سال سے موت کے ڈرسے لندن میں چھپ کربیٹھاہے لیکن کراچی میں لوگوں کوقتل کروارہاہے ،یہ لوگ پہلے دھمکیاں دیتے ہیں پھرقتل کردیتے ہیں اورپھرخودہی جنازے میں پہنچ جاتے ہیں اورشورمچاتے ہیں ،زہرہ شاہدکوپہلے دھمکی دی گئی ،پھرقتل کردیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم میں اچھے اورپڑھے لکھے لوگ بھی ہیں جن کے ہمارے ساتھ رابطے ہیں ،ان میں اراکین اسمبلی بھی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی اتناتگڑاشہرہے کہ یہاں پرامن ہوتویہ لوگ پورے پاکستان کاذمہ اٹھاسکتے ہیں ،ان کاکہناتھاکہ ن لیگ صرف ذاتیات کی سیاست کرتی ہے کرپٹ لوگ اوپربیٹھے ہوں توکرپشن کیسے پکڑسکتے ہیں ،پیپلزپارٹی اورن لیگ کامک مکاہے رینٹل پاورپرشورمچانے والوں نے اقتدارمیں آکرکس کوپکڑاہے ،سینٹ میں مکامکاہوگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ افتخارچوہدری اس ملک کابہت بڑامجرم ہے ،اس کے بیٹے پرکروڑوں کے الزامات لگے ہیں اورکوئی اس کوپوچھنے والانہیں ،عمران خان نے کہاکہ دھاندلی نہیں ہوئی تواسپیکرایازصادق نادرامیں جانے سے کیوں ڈرتے ہیں ،نادراکے چیئرمین سے ملاہوں ۔انہوں نے کہاکہ ایک مہینے میں تصدیق کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 126دن کادھرنااپنی ذات کے لئے نہیں دیاتھا،یہ عوام کیلئے دیاتھااگریہی نظام چلتارہاتوپھرعام آدمی اسمبلی میں نہیں جاسکے گااوریہی لوگ ہم پرمسلط رہیں گے