پاکستان،آذربائیجان کا باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق ،تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور ،پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے،تیل اور گیس کے شعبے میں آذربائیجان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ممنون حسین پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے ایک آزاد پالیسی ہے،سرمایہ کار سوفیصد منافع کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،پاکستان اور آذربائیجان کے باہمی تعاون پر تعلقات قائم ہیں،باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہوئی ہے ،صدر مملکت کا پاک آذربائیجان بزنس فورم کی تقریب سے خطاب ،آذربائیجان وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو، توانائی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے ،آذربائیجان صدر الہام مید علیوو،صدر ممنو کی آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوو کے مزار پر حاضری ،پھول چڑھائے

جمعہ 13 مارچ 2015 08:39

باکو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء)پاکستان اور آذر بائیجان نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے جس میں خاص طور پر تجارت پر توجہ دی جائے گی۔یہ اتفاق صدر ممنون حسین اور ان کے آذر بائیجان کے ہم منصب باکو میں ایک ملاقات میں ہوا جس میں مشترکہ اعلامیئے پر دستخط کئے گئے۔دونوں رہنماؤں نے معیشت ، توانائی ، سیکیورٹی ، تجارت ، سیاحت ، مواصلات ، سائنس وٹیکنالوجی ، ماحولیات ، کھیل ، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیاہے۔

مشترکہ اعلامیئے میں صدر ممنون حسین کے آذربائیجان کے دورے کو تاریخی موقع قراردیاگیاہے۔اعلامیئے میں کہاگیا ہے کہ دورے سے دوطرفہ تعاون کو تقویت ملے گی۔ اعلامیئے میں تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زوردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اعلامیئے میں خطے میں امن واستحکام کیلئے کشمیر اور نگارنو کاراباخ کے مسئلوں کے فوری حل پر بھی زوردیاگیا۔

فریقین میں دہشتگردی ، انتہا پسندی ، علیحدگی پسندی ، منظم جرائم ، منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ اور انسانی تجارت ختم کرنے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔صدرممنون حسین نے جمعرات کو آذربائیجان کی پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔انہیں پارلیمنٹ کی روزانہ کی کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔

بعد میں اْنہوں نے آذربائیجان کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے اْمور پر تبادلہ خیال کیا۔ادھرصدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے ،آذربائیجان پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے،تیل اور گیس کے شعبے میں آذربائیجان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز صدر مملکت ممنون حسین نے آذربائیجان کے ہم منصب الہام میدعلیوو کے ہمراہ پاک آذربائیجان بزنس فورم کا افتتاح کیا ۔صدر مملکت ممنون حسین نے پاک آذربائیجان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات ہیں ،باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہوئی ہے، پاکستان اورآذربائیجان مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کرسکتے ہیں،مختلف شعبوں میںآ ذربائیجان پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے،آذربائیجان پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے ،تیل اور گیس کے شعبے میں آذربائیجان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے ،آذربائیجان توانائی کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ،پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے ایک آزاد پالیسی موجود ہیں اور سرمایہ کاروں مکمل ایکٹویٹی اور سوفیصد منافع حاصل کرنے کے مواقع موجود ہیں ،صدر نے کہا کہ ہمارے آذربائیجان کے ساتھ انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام مید علیوو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان توانائی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کرنے کے لئے تیار ہے اور اس حوالے سے سرمایہ کاری بھی کریں گے ،بعد ازاں صدر مملکت ممنون حسین کی آذربائیجان کے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کی ہے ،ملاقات میں دونوں کے درمیان تعلقات ،تجارت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد صدر مملکت ممنون حسین آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوو کے مزار پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے