الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی تیاریاں شروع کر دیں،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت اجلاس میں بیلٹ پیپروں کی چھپائی بارے غور،الیکشن کمیشن 28 جولائی کو شیڈول جاری کرے گا۔ 24 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی، سید شیر افگن ، فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کر لیں گے ،تین قومی اداروں نے پچاس کروڑ بیلٹ پیپرز بروقت چھاپنے سے معذر ت کرلی ہے،اجلاس کے بعد قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 مارچ 2015 08:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء)چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس میں بیلٹ پیپروں کی چھپائی کا ایجنڈا زیر غور آیا‘ پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے بعد قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن سید شیر افگن نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ 20 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرائیں جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

الیکشن کمیشن 28 جولائی کو شیڈول جاری کرے گا۔ جبکہ 24 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی انہوں نے کہا کہ 25 روز میں پچاس کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی ضروری ہے۔ پنجاب‘ سندھ کو چالیس سے بیالیس کروڑ بیلٹ پیپرز درکار ہیں۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ میں 8 کروڑ سے 10 کروڑ بیلٹ پیپرز چاہئیں، پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان ‘ سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور پوسٹ آفس فاؤنڈیشن گیارہ کروڑ بیلٹ پیپر چھاپنے کی استطاعت رکھتا ہے۔

گیارہ کروڑ سے زیادہ نہیں چھاپ سکتا تاہم تینوں اداروں نے پچاس کروڑ بیلٹ پیپرز بروقت چھاپنے سے معذر ت کرلی انہوں نے کہا کہ باقی بیلٹ پیپر نجی چھاپہ خانوں سے چھپوانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سید شیرافگن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کر لیں گے اور فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پرنٹنگ کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی مشینوں کو اپ گریڈ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پریس والوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی پریس صرف 6 لاکھ بیلٹ پیپر چھاپ سکتا ہے جبکہ پرنٹنگ کارپوریشن 25 روز میں ساڑھے سات کروڑ بیلٹ پیپر چھاپ سکتا ہے تاہم پوسٹ آفس نے دو کروڑ بیلٹ پیپر چھاپنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شیر افگن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کروانا قومی فریضہ ہے الیکشن کمیشن نے سرکاری پرنٹنگ کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپر چھاپ کر دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ‘ سرکاری پرنٹنگ کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت ون پوائنٹ ایجنڈے پر اجلاس ہوا۔