وزیراعظم کا بلوچستان میں سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خاتمہ پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 12 مارچ 2015 09:42

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مارچ۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے بلوچستان میں سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خاتمہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر سینئر صوبائی وزیر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خاتمہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس آمر کو خوش آئند قرار دیا کہ بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جس طرح ہارس ٹریڈنگ کے خاتمہ کا عزم برقرار رکھتے ہوئے جدوجہد کی دیگر سیاسی جماعتوں کی معاونت سے اس میں کامیابی حاصل ہوئی اس موقع پر وزیراعظم پاکستان اور نواب ثناء اللہ خان زہری کے درمیان مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعظم نے نواب ثناء اللہ خان زہری کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب اور دیگر معاملات مشاورت کیلئے آج اسلام آباد طلب کیا ہے جہاں پارٹی اموراور سینٹ کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔