پاکستانی ٹیم کی قسمت کا فیصلہ ایڈیلیڈ میں ہو گا،پاکستان کے لیے کوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے آئرلینڈ کو شکست دینا ہو گی

بدھ 11 مارچ 2015 08:52

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اپنے سفر کے دوران ایک بار پھر ایڈیلیڈ میں پڑاوٴ ڈال دیا ہے جہاں وہ 15 مارچ کو پول بی میں اپنا آخری میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ایڈیلیڈ کے اسی میدان میں پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ 2015 کے میچوں کا آغاز کیا تھا لیکن یہ آغاز مایوس کن رہا تھا اور اسے بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستانی ٹیم نے بھارت کے بعد ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بھی شکست کھائی لیکن اس کیبعد سے وہ مسلسل تین میچز جیت چکی ہے جن میں جنوبی افریقہ کے خلاف غیرمعمولی کارکردگی بھی شامل ہے۔پول بی میں بھارتی ٹیم چاروں میچ جیت کر کوارٹرفائنل میں پہنچ چکی ہے لیکن بقیہ تین ٹیموں کا معاملہ خاصا دلچسپ اور اب تک غیر واضح ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے پانچ پانچ میچوں میں چھ چھ پوائنٹس ہیں آئرلینڈ کے چار میچوں میں چھ پوائنٹس ہیں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔

پاکستان کے لیے کوارٹرفائنل تک رسائی اسی صورت میں ممکن ہے جب وہ آئرلینڈ کو شکست دے۔ اگر ایسا نہ ہوسکا تو آئرلینڈ کی ٹیم آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لے گی۔آئرلینڈ کی ٹیم کو پاکستان سے پہلے بھارت سے بھی میچ کھیلنا ہے۔بظاہر اس میچ میں بھارت کی جیت کے امکانات روشن ہیں لیکن آئرلینڈ کی غیرمتوقع جیت پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے۔جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا آخری میچ بھی متحدہ عرب امارات کی کمزور ٹیم سے ہے۔اس عالمی کپ میں مصباح الحق پاکستانی بیٹسمینوں میں سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں انہوں نے پانچ میچوں میں چار نصف سنچریوں کی مدد سے دو سو ستّتر رنز بنائے ہیں۔بولنگ میں وہاب ریاض پاکستانی بولرز میں گیارہ وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

متعلقہ عنوان :