این ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے مختلف بنکوں میں سود کے پانچ ارب روپے وزارت خزانہ کو فراہم کرنے کی منظوری دیدی ، فیصلہ وزارت صنعت و پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹری خضرحیات کی زیر صدارت ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، ذرا ئع

بدھ 11 مارچ 2015 09:20

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء )نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن (این ایف سی ) کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے مختلف بنکوں میں سود کے پانچ ارب روپے وزارت خزانہ کو فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ اڑھائی ماہ قبل منافع کے شیئر کے دو ارب روپے پہلے ہی وزارت خزانہ کو فراہم کئے جاچکے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ وزارت صنعت و پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹری خضرحیات جن کے پاس چیئرمین این ایف سی کا اضافی چارج بھی ہے کی زیر صدارت ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے پاس غیر استعمال شدہ تقریبادس ارب روپے مانگ تھے جس کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کو باقاعدہ خط لکھاگیاتھا ،این ایف سی کے پاس مختلف بنکوں میں جمع شدہ فنڈز اپنے مختلف منصوبوں میں ناکامی کی وجہ سے خرچ نہیں کرسکی۔ذرائع کے مطابق این ایف سی پہلے ہی منافع کے شیئر کے دو ارب روپے وزارت خزانہ کو فراہم کرنے کی منظوری دے چکی ہے جبکہ اب مزید پانچ ارب روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پانچ ارب روپے کی منظوری کے باوجود این ایف سی کے پاس مزید کچھ ارب روپے باقی رہ گئے ہیں جو مختلف منصوبوں کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :